کراچی 3 بچوں کی ماں کو طلاق دلوا کر شادی کرنیوالا گھر کی دہلیز پر قتل

فرحان نے دھمکیاں ملنے کے بعد حکام کو درخواست دی لیکن پولیس نے کچھ نہیں کیا، ملزمان نے دھمکی پر عمل کردیا، والد


Staff Reporter September 12, 2023
مقتول فرحان نے دھمکیوں سے متعلق پولیس کو درخواست دی تھی

سرجانی ٹاؤن میں موٹرسائیکل سوار ملزمان نے ایک شخص کو گھر کی دہلیز پر فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا ۔ مقتول نے 6 سال قبل 3 بچوں کی ماں کو پہلے شوہر سے طلاق دلوا کر شادی کی تھی ۔

گلشن سرجانی فیز ون، مکان نمبر C-R91 کے رہائشی فرحان کو موٹرسائیکل سوار ملزمان گھر کے قریب فائرنگ سے زخمی کرکے فرار ہوگئے، جو موقع ہی پر کچھ دیر تڑپنے کے بعد جاں بحق ہوگیا۔ مقتول کی لاش عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی ۔

ترجمان کراچی پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت 32 سالہ محمد فرحان ولد محمد اقبال کے نام سے کی گئی ۔ مقتول کے والد نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے بیٹے کو اس کی اہلیہ کے سابقہ شوہر اور اس کے سسرالی رشتے داروں نے قتل کیا ہے ۔ مقتول کے والد محمد اقبال اور بھائی محمد عمران نے بتایا کہ مقتول محمد فرحان گارمنٹ فیکٹری میں ملازمت کرتا تھا اور وہ 6 بھائیوں اور 3 بہنوں میں سب سے چھوٹا تھا ۔

مقتول 3 بچوں کی ماں ثریا بانو نامی شادی شدہ خاتون سے محبت کرتا تھا ۔ 6 سال قبل ثریا بانو نے اپنے شوہر سے طلاق لے کر فرحان سے شادی کر لی تھی ۔ فرحان نے خاتون کے تینوں بچوں کی کفالت کے ذمے دارے لے لی تھی بعدازاں فرحان کے بھی ثریا سے 3 بچوں کی ولادت ہوئی۔

فرحان نے 27 اگست 2023 کو سرجانی ٹاؤن تھانے میں ایک درخواست جمع کرائی تھی کہ 16 اگست 2023 کو میری اہلیہ ثریا بانو کو اس کے میکے والوں نے بہلا پھسلا کر اپنے گھر بلا لیا ۔ وہاں جانے کے بعد وہ اور اس کے جاننے والے جن میں ذیشان ملک اور اس کی اہلیہ سائرہ ، یاسر ملک اور اس کی اہلیہ دعا کوثر ، میرے سالے وقاص اور محمد خان اور میری ساس زیب جہاں کی جانب سے مجھے دھمکی کی ریکارڈنگ بھیجی گئی۔

دھمکی میں ذیشان ملک کی جانب سے کہا گیا تھا کہ ثریا بانو کو فوری طور پر طلاق دو جب کہ ثریا کے بچوں کے ساتھ وہ لوگ میرے بچوں کو بھی اپنے ساتھ لے گئے تھے۔ دھمکی کے بعد سے میں جب بھی گھر سے باہر جاتا ہوں تو نامعلوم موٹرسائیکل سوار آتے ہیں اور اسلحہ دکھا کر مجھے دھمکیاں دیتے ہیں کہ ثریا بانو کو طلاق دو، اگر طلاق نہیں دی اور پولیس کے پاس گئے تو تمہیں قتل کردیں گے۔

فرحان نے پولیس کے اعلیٰ حکام سے تحفظ فراہم کرنے کی اپیل کی تھی ۔ مقتول فرحان کے والد نے بتایا کہ انہوں نے ایس ایچ او سرجانی کے بعد ایس ایس پی ویسٹ کو بھی مزکورہ ملزمان کے خلاف درخواست دی تھی تاہم پولیس نے کچھ نہیں کیا جب کہ ملزمان نے جو دھمکی دی تھی اس پر عمل کر دیا ۔

پیر اور منگل کی درمیانی شب فرحان گھر کے باہر بیٹھا تھا تو ذیشان ملک اور یاسر ملک اپنی بیویوں اور مقتول کی ساس کے کہنے پر آئے اور فائرنگ کر کے قتل کر دیا اور فرار ہوگئے ۔

مقتول کی لاش اسپتال لائی گئی تو رقت آمیر مناظر دیکھنے میں آئے ۔ سرجانی ٹاؤن پولیس نے مقتول فرحان کے بھائیوں کے بیانات قلمبند کر کے لاش ورثا کے حوالے کر دی۔ تدفین اور مقتول کے والد کی حالت سنبھلنے کے بعد پولیس نامزد ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرے گی ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں