لیسکو ریجن میں بجلی چوروں کیخلاف آپریشن جاری 100 سے زائد مقدمات درج

پکڑے گئے کنکشنز میں ایک زرعی، 6 کمرشل اور 198 ڈومیسٹک تھے، ایک کروڑ 85 لاکھ 22 ہزار 713 روپے چارج کیے گئے، ترجمان


ویب ڈیسک September 12, 2023
لیسکو ریجن میں بجلی چوروں کے خلاف آپریشن چھٹے روز بھی جاری ہے

لیسکو ریجن میں بجلی چوروں کے خلاف آپریشن چھ روز سے جاری ہے، اس دوران 100 سے زائد مقدمات درج کرلیے گئے ہیں۔

ترجمان لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کے مطابق لیسکو ریجن میں بجلی چوروں کے خلاف آپریشن چھٹے روز بھی بھرپور طریقے سے جاری ہے۔ چیف ایگزیکٹو انجینیر شاہد حیدر نے کہا ہے کہ بجلی چوروں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔

وزیراعظم، اور وزارت توانائی کی ہدایات پر لیسکو ریجن میں بجلی چوروں کے خلاف آپریشن کے چھٹے دن تمام سرکلز میں 205 کنکشنز بجلی چوری میں ملوث پائے گئے۔ تمام بجلی چوروں کے خلاف ایف آئی آرز کی درخواستیں متعلقہ تھانوں میں دائر کر دی گئی ہیں جن میں سے105ایف آئی آرز رجسٹرڈ ہو چکی ہیں جب کہ ایک ملزم کو گرفتار بھی کیا گیاہے۔

پکڑے جانے والے کنکشنز میں ایک زرعی،6کمرشل اور198ڈومیسٹک تھے۔ تمام کنکشنز منقطع کر کے ان کو443,875 یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کیے گئے ہیں جن کی رقم 18,522,713 (ایک کروڑ 85 لاکھ 22 ہزار 713)روپے ہے۔ بجلی چوروں کے خلاف کیے جانے والے آپریشن میں بڑے زرعی اور کمرشل صارفین بھی بجلی چوری میں ملوث پائے گئے۔

ترجمان کے مطابق 1497کنکشنز کے خلاف ایف آئی آر کی درخواستیں جمع کروائی گئیں جن میں سے 947درخواستیں رجسٹرڈ ہو چکی ہیں اورکل 86ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔ بجلی چوروں کو اب تک4,775,973یونٹس چارج کیے گئے ہیں جن کی رقم (201,751,130) 20 کڑور 17 لاکھ 51 ہزار 130 روپے ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں