لاہور سے آنے والے 2 بھائی ہاکس بے پر سمندر میں نہاتے ہوئے ڈوب کر جاں بحق

لاہور سے آنے والے نوجوان اپنے کزنز کے ساتھ فجر کے بعد پکنک منانے ہاکس بے گئے، 8 بجے ڈوبنے کی اطلاع ملی

(فوٹو: فائل)

لاہور سے آنے والے 2 بھائی ہاکس بے کے مقام پر سمندر میں نہاتے ہوئے ڈوب کر جاں بحق ہو گئے، جب کہ 2 نیم بے ہوش نوجوانوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔

ماڑی پورتھانے کے علاقےباکس بے سینڈزپٹ کے مقام پرسمندرمیں نہاتے ہوئے4نوجوان ڈوب گئے۔ اطلاع ملنےپرلائف گارڈ اورایدھی کی غوطہ خورٹیم موقع پر پہنچ گئی اورفوری طور پر سمندرمیں ڈوبنے والے نوجوانوں کونکالنے کےلیے آپریشن شروع کردیا۔ اس دوران 2 نوجوان ڈوب کرجاں بحق ہو گئے جب کہ 2 نوجوان نیم بے ہوش ہوگئے۔


لاشوں اور بے ہوش نوجوانوں کو سول اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں جاں بحق نوجوانوں کی شناخت 35 سالہ نعمان ولدعبدالحمید اور23 سالہ فرحان ولدعبدالحمید کے نام سے کی گئی جب کہ نیم بے ہوش ہونے والوں کے نام طلحہ ولد اعظم اوراسامہ ولداعظم ہیں۔

پولیس کے مطابق ڈوب کرجاں بحق ہونے والے دونوں نوجوان آپس میں بھائی تھے اور لاہور سے کراچی کے علاقے اشرف نگر، پاپوش نگرمکان ایف 90 میں رہائش پذیراپنے کزن طلحہ اوراسامہ کے گھر آئے ہوئے تھے۔ جاں بحق نوجوان اپنے کزنز کے ساتھ فجر کے بعد گھرسے پکنک منانے باکس بے سینڈزپٹ کے مقام پر پہنچے تھے اورصبح8 بجے کے قریب اُن کے ڈوبنے کی اطلاع ملی۔

پولیس نے قانونی کارروائی کے بعد لاشیں ورثا کے حوالے کردیں۔
Load Next Story