7کروڑروپے کا فراڈ خاتون بینک افسروالدہ سمیت گرفتار

نیہاحسن چندماہ میں کرایے کے گھرسے کروڑوں روپے کے بنگلے میں منتقل ہوئی،ایف آئی اے


Adil Jawad September 18, 2012
نیہاحسن چندماہ میں کرایے کے گھرسے کروڑوں روپے کے بنگلے میں منتقل ہوئی،ایف آئی اے

ISLAMABAD: ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل نے7کروڑروپے فراڈکے الزام میں نجی بینک کی خاتون افسراوران کی والدہ کوگرفتارکرلیاہے۔

26 سالہ خاتون افسرگذشتہ چند ماہ کےدوران کرایے کے گھر سے کروڑوں روپے کے بنگلے میں منتقل ہوئی،گھر کے چارافراد کے پاس چارکروڑوں روپے مالیت کی چارگاڑیاں ہیں۔تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل کو نجی بینک کی انتظامیہ کی جانب سے تحریری درخواست موصول ہوئی تھی۔

جس میں بتایا گیا تھا کہ نیہا حسن نامی خاتون افسر تقریبا چار سال سے بینک میں مختلف عہدوں پرکام کررہی ہیں،8 ماہ سے وہ شہبازکمرشل برانچ میں بطورکسٹمر سروسز منیجر کام کررہی ہیں اوراس دوران نیہاحسن نے بڑے کھاتے داروں کے اکائونٹس میں جعل سازی کرکے مجموعی طور پر7 کروڑ روپے اپنے والد اور والدہ کے اکائونٹس میں منتقل کردیے ہیں۔

ایف آئی اے حکام نے اس سلسلے میں تفتیش کی تومعلوم ہواکہ نیہا حسن بنیادی پر ایک متوسط گھرانے سے تعلق رکھتی ہیں چند ماہ قبل تک وہ کرایے کے مکان میں رہائش پذیر تھیں ان کے والد ضیا الحسن ایک شپنگ کمپنی کی ملازمت سے ریٹائرڈ ہوچکے ہیں اوربھائی بھی بظاہرکوئی ملازمت نہیں کرتے تاہم نیہا حسن نے چند ماہ قبل کلفٹن بلاک 8 کے ایک مہنگے ترین اپارٹمنٹ میں کروڑوں روپے مالیت کا فلیٹ خریدا۔

جبکہ اسی عرصے کے دوران وہ چار گاڑیوں کی مالک بن گئیں جن میں دو مرسیڈیز اور دو دیگر مہنگی گاڑیاں شامل ہیں جن کی مجموعی مالیت بھی کروڑوں میں ہے تاہم نیہا حسن کے پاس اچانک اتنی رقم کیسے آگئی اس کا کوئی تسلی بخش جواب ان کے پاس نہیں ہے، نیہا حسن کی جانب سے بینک کے کھاتے داروں سے کی جانے والی جعل سازی کا علم جب بینک حکام کو ہوا۔

انھوں نے اس سلسلے میں نیہا حسن پر دبائو ڈالا کہ وہ جعل سازی کے ذریعے لوٹی گئی رقم واپس کردیں تو ان کے بھائی نے بینک کے افسروں کو دھمکیاں بھی دیں، ایف آئی اے حکام نے تمام دستاویزی ثبوت حاصل کرنے کے بعد نیہا حسن کے خلاف دھوکا دہی کے الزام میں مقدمہ درج کرکے انھیں گرفتار کرلیا ہے جبکہ ان کی والدہ کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں