امریکا ریپبلکن نے کمیٹی کو جوبائیڈن کیخلاف مواخذے کی ہدایت کردی
میں پارٹی کی ہاؤس کمیٹی کو صدر جو بائیڈن کے خلاف مواخذے کی باضابطہ تحقیقات شروع کرنے کی ہدایت کرتا ہوں، اسپیکر
ریپبلکن پارٹی کے رُکن اور امریکی ہاؤس کمیٹی کے اسپیکر کیون میکارتھی نے امریکی صدر جو بائیڈن کے خلاف مواخذے کے مطالبے کی حمایت کردی ہے۔
عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق میکارتھی نے پریس کانفرنس میں کہا کہ جوبائیڈن نے اپنے خاندان کے غیر ملکی کاروباری معاملات کے بارے میں امریکی عوام سے جھوٹ بولا۔ میں ہاؤس کمیٹی کو صدر جو بائیڈن کے خلاف مواخذے کی باضابطہ تحقیقات شروع کرنے کی ہدایت کر رہا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ یہ اگلا قدم ہماری کمیٹیوں کو امریکی عوام کے لیے تمام حقائق جمع کرنے کا مکمل اختیار دے گا۔ جوبائیڈن کیخلاف انکوائری کی قیادت ہاؤس اوور سائیٹ کمیٹی کے سربراہ اور جی او پی کے نمائندے جیمز کامر، جوڈیشری کمیٹی کے سربراہ جم جارڈن اور نمائندے جیسن اسمتھ کے ساتھ مل کر کریں گے۔
واضح رہے کہ ریپبلکن کی زیرقیادت ہاؤس اوور سائیٹ کمیٹی نے جنوری میں ان الزامات کی تحقیقات شروع کیں جس میں بائیڈن نے نائب صدر رہتے ہوئے اپنے بیٹے ہنٹر کے کاروباری معاملات سے فائدہ اٹھایا۔