غیر قانونی ہائیڈرنٹس کیخلاف آپریشن خاموشی سے روک دیا گیا

6ہائیڈرنٹس کیخلاف کارروائی نہ کی جائے، واٹر بورڈ انتظامیہ، کارروائی ہائیڈرنٹس مافیا کی خواہش پر ملتوی کی گئی،ذرائع۔

کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ نے اپنے اعلان کے باوجود غیرقانونی ہائیڈرنٹس کیخلاف آپریشن خاموشی سے روک دیا ہے۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD:
کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ نے اپنے اعلان کے باوجود غیرقانونی ہائیڈرنٹس کیخلاف آپریشن خاموشی سے روک دیا ہے۔

جبکہ انتظامیہ نے تحریری حکمنامے میں ہدایت کی ہے کہ شہر میں 6 ہائیڈرنٹس کے خلاف کوئی کارروائی نہ کی جائے، ذرائع نے بتایا کہ واٹربورڈ نے پیر سے شہر میں غیرقانونی ہائیڈرنٹس کیخلاف آپریشن کا اعلان کیا تھا۔


اعلان کے باعث غیرقانونی ہائیڈرنٹس چلانے والے افراد نے ہائیڈرنٹس سے پہلے ہی موٹروں سمیت تمام ضروری سامان غائب کرادیا تھا تاکہ آپریشن کی صورت میں ان کو کوئی نقصان نہ پہنچے اور آپریشن کے بعد ماضی کی طرح دوبارہ اس سامان کو استعمال میں لایا جاسکے۔

تاہم واٹربورڈ نے پیر کو خاموشی سے آپریشن ملتوی کردیا، ذرائع نے بتایا کہ یہ کارروائی ہائیڈرنٹس مافیا کی خواہش پر ملتوی کی گئی دوسری طرف باخبر ذرائع نے بتایا کہ رواں سال ماہ مارچ میں واٹربورڈ کے ایم ڈی کی زیرصدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا نیپا چورنگی، گارڈن ، مانسہرہ ، فیوچر کالونی ، بلدیہ اور سخی حسن کے علاقے میں قائم ہائیڈرنٹس کے ٹینڈر کیے جائیں گے۔

تاہم کئی ماہ گزر جانے کے باوجود ان ہائیڈرنٹس کے ٹینڈر نہیں کیے گئے اور 6ہائیڈرنٹس تاحال غیرقانونی طور پر کام کررہے ہیں اور ان ہائیڈرنٹس کے بارے میں ادارے کی انتظامیہ نے خاص طور پر ہدایت کی ہے کہ ان کیخلاف معمولی نوعیت کی بھی کارروائی نہ کی جائے دوسری طرف ایک ایسے موقع پر جب واٹربورڈ نے غیرقانونی ہائیڈرنٹس کیخلاف بڑے آپریشن کا اعلان کررکھا ہے ایم ڈی واٹربورڈ 15 روزہ دورے پر امریکا روانہ ہورہے ہیں۔

Recommended Stories

Load Next Story