پاکستان اور جنوبی افریقا ویمن کرکٹ ٹیموں کی کراچی میں ساحل سمندر پر سیر و تفریح
مہمان کھلاڑی پاکستان کی روایتی مہمان نوازی سے متاثر
پاکستان اور جنوبی افریقا کی ویمن ٹیموں نے ساحل سمندر پر سیر و تفریح کی۔
دونوں ٹیموں کی کرکٹرز ساحل سمندر پر خوشگوار موسم سے لطف اندوز ہوئیں، کھلاڑیوں کے اعزاز میں مرینہ کلب میں عصرانہ بھی دیا گیا جس میں ڈاکٹر فرحان عیسیٰ نے دونوں ٹیموں کی کھلاڑیوں کو روایتی اجرک پیش کی۔
جنوبی افریقا کی خواتین کرکٹرز پاکستان کی روایتی مہمان نوازی سے بہت متاثر ہوئیں۔ عصرانہ میں سینئر جنرل منیجر نیشنل اسٹیڈیم ارشد خان، ویمنز ونگ کی سربراہ تانیہ ملک، جنرل منیجر ویمنز ونگ عائشہ اشعر بھی شریک ہوئیں۔
دونوں ٹیمیں بدھ کو دوپہر ساڑھے تین بجے سے شام ساڑھے چھ بجے تک نیشنل اسٹیڈیم میں پریکٹس سیشن میں حصہ لیں گی، پاکستان اور جنوبی افریقہ ویمن ٹیموں کے درمیان ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کا تیسرا اور آخری میچ جمعرات کو کھیلا جائے گا۔
مہمان ٹیم پہلے دونوں میچز جیت کر سیریز اپنے نام کرچکی ہے، سیریز آئی سی سی رینکنگ چیمپین شپ کا حصہ ہے، قبل ازیں ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل ویمن سیریز کے تینوں میچز پاکستان نے جیتے تھے۔