پی پی کے ساتھ انتخابی اتحاد نہیں ہے انہیں سوٹ کرتا ہے کہ ہمارے خلاف بیان دیں رانا ثنا
چاہتے ہیں پی ٹی آئی الیکشن لڑے لیکن وہ جتھہ نہ لڑے جس نے شہدا کی توہین کی، رانا مقبول کے جنازے پر بات چیت
سابق وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے ساتھ کوئی انتخابی اتحاد نہیں ہے اس لیے انہیں سوٹ کرتا ہے کہ وہ ہمارے خلاف بات کریں، چاہتے ہیں پی ٹی آئی الیکشن لڑے لیکن وہ جتھہ نہ لڑے جس نے شہدا کی توہین کی۔
لیگی رہنما رانا مقبول کی نماز جنازہ میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف 21 اکتوبر کو وطن واپس آرہے ہیں اور ہم ان کا شایان شان استقبال کریں گے، نواز شریف آئندہ انتخابات میں پارٹی کی قیادت کریں گے۔
رانا ثنا نے کہا کہ اتفاق رائے سے مردم شماری کا منظور ہونا قومی سطح پر بڑی اچھی پیش رفت ہے کیونکہ گزشتہ مردم شماری کے نتائج کو متنازع کہا جاتا رہا ہے، نئی مردم شماری کے تحت ہی نیا الیکشن ہونا ہے جس پر سب متفق ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جونہی حلقہ بندیاں مکمل ہوتی ہیں تو 54 روز کا انتخابات کا شیڈول آجائے گا، الیکشن کے انعقاد پر کسی کو شک و شبے میں پڑھنے کی ضرورت نہیں۔
پی ٹی آئی سے متعلق انہوں ںے کہا کہ ہم چاہتے ہیں سیاسی طور پر پی ٹی آئی کو موقع ملے اور وہ انتخابات میں حصہ لے لیکن جس جتھے نے دفاع پاکستان پر حملہ کیا شہداء کی توہین کی انہیں الیکشن لڑنے کا موقع نہیں ملنا چاہیے۔
سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ اتحادی حکومت تو ختم ہوچکی ہے، آئندہ انتخابات کے نتائج کے بعد فیصلے ہوں گے کہ کس کو کس کے ساتھ ملنا ہے، ہم آئندہ الیکشن میں پیپلز پارٹی کے ساتھ نہیں جارہے جبکہ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا چانس بھی بہت محدود ہے۔
ن لیگی رہنما نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے ساتھ کوئی انتخابی اتحاد نہیں ہے اس لیے پیپلز پارٹی کو سوٹ کرتا ہے کہ وہ ہمارے خلاف بات کرے، اگر سیاسی طور پر کوئی بات ہمارے خلاف ہوتی بھی تو یہ پیپلز پارٹی کا حق ہے انہیں کرنی بھی چاہیے، ہمیں پیپلز پارٹی کی باتوں کا برا منانے کی ضرورت نہیں ہے جہاں جواب کی ضرورت ہوگی وہاں پیپلز پارٹی کو عزت کے ساتھ جواب بھی دیا جائے گا۔