ڈکیتی کا جھوٹا ڈرامہ رچانے والا ڈیلیوری بوائے ساتھی سمیت گرفتار

ڈیلیوری بوائے نے 50 ہزار کی رقم چھن جانے کی مددگار 15 پر جھوٹی اطلاع دی اور رقم ہڑپ کرلی

(فوٹو : فائل)

فیکٹری ایریا میں 50 ہزار روپے کی اسٹریٹ کرائم کی واردات کا ڈراپ سین ہوگیا، مددگار 15 پر کال کرنے والے ڈیلیوری بوائے نے جھوٹی کال کرتے ہوئے رقم خورد برد کرلی تھی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ایک رات قبل مددگار 15 کو فون پر اطلاع ملی کہ ایک ڈیلیوری بوائے کے ساتھ لاہور فیکٹری ایریا پر سڑک کنارے واردات ہوئی جس میں 50 ہزار روپے چھن گئے، رقم تو غائب ہوئی تاہم ڈکیتی کی اطلاع جھوٹ ثابت ہوئی۔


ایس پی کینٹ اویس شفیق کے مطابق کال کرنے والا ڈیلیوری بوائے آصف ہی ماسٹر مائنڈ نکلا، ملزم آصف کو ساتھی عبداللہ کے ساتھ رقم سمیت گرفتار کرلیا گیا، ملزم آصف نے 50 ہزار روپے خورد برد کرنے کے لیے دوست عبداللہ کے ساتھ مل کر ڈکیتی کا جھوٹا ڈرامہ رچایا تھا۔

ایس پی نے بتایا کہ ملزم M-P کمپنی میں ڈیلیوری بوائے تھا جس نے سیل کی ساری رقم ملزم کے پاس رکھوادی تھی اور ڈکیتی کا ڈرامہ رچایا، ملزم زیادہ دیر پولیس کو چکمہ نہ دے سکا اور اس نے دوران انٹیروگیشن سچ تسلیم کرلیا۔

ایس پی کینٹ نے مزید کہا ہے کہ ڈکیتی کی جھوٹی کال کرنے پر ملزم آصف اور عبداللہ کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
Load Next Story