صدر مملکت نے 6 نومبر کو عام انتخابات کی تجویز دے دی
الیکشن کمیشن کا موقف ہے کہ تاریخ مقرر کرنا ان کا اختیار ہے اسے چاہیے کہ اعلیٰ عدلیہ سے رجوع کرے، الیکشن کمیشن کو خط
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے الیکشن کمیشن کو 6 نومبر کو عام انتخابات کرانے کی تجویز دیتے ہوئے الیکشن کمیشن کو اعلیٰ عدلیہ سے رجوع کرنے کا کہہ دیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کو خط ارسال کیا ہے جس میں یہ تاریخ تجویز کی گئی ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ نو اگست کو وزیراعظم کے مشورے پر قومی اسمبلی کو تحلیل کیا، آرٹیکل 48 کی شق فائیو کے تحت صدر مملکت کو اختیار ہے کہ 90 روز کے اندر تاریخ مقرر کرے۔
مزید پڑھیں: صدر مملکت کے انتخابات سے متعلق خط پر الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس طلب
صدر مملکت نے چیف الیکشن کمشنر کو لکھا کہ عام انتخابات قومی اسمبلی کی تحلیل کے 89 ویں دن یعنی پیر 6 نومبر کو ہوجانے چاہئیں، آپ کو ملاقات کے لیے دعوت دی تھی کہ مل کر آئین پر عمل درآمد کا طریقہ کار وضع کریں لیکن آپ نے اس کے برعکس موقف اختیار کیا کہ آئین کے مطابق الیکشن کی تاریخ دینے کا اختیار الیکشن کمیشن کا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ادارے الیکشن کمیشن کے انتخابی شیڈول کے اختیار کا احترام کریں، نگراں وزرائے قانون
صدر مملکت نے کہا ہے کہ وزارت قانون بھی الیکشن کمیشن جیسی رائے کا حامل ہے،آئین کی تمام شقوں، سیاسی جماعتوں کی مشاورت، صوبائی اسمبلیوں کے موقف کو مدنظر رکھتے ہوئے الیکشن کمیشن کو تجویز کرتا ہوں کہ وہ عام انتخابات کے معاملے میں اعلیٰ عدلیہ سے رجوع کرے۔