فلم جوان میں کانگریس کی بدعنوانیاں دکھانے پر بی جے پی کِنگ خان کی مشکور

فلم ناظرین کو کانگریس کی زیرقیادت اتحادی حکومت کے المناک سیاسی ماضی کی یاد دلاتی ہے، بی جے پی ترجمان


ویب ڈیسک September 13, 2023
[فائل-فوٹو]

بھارت کی حکومتی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان کی نئی فلم "جوان" کا حوالہ دیتے ہوئے کانگریس کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بی جے پی نے دعویٰ کیا ہے کہ فلم 'جوان' کانگریس کے 10 سالہ دورِ حکومت میں ان کی بدعنوانیوں اور مفلوج پالیسیوں کو بے نقاب کرتی ہے۔

بی جے پی کے وفاقی ترجمان گورَو بھاٹیہ نے فلم کا پوسٹر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ہمیں فلم جوان کے ذریعے 2004 سے 2014 تک کی کانگریسی حکومت کی بدعنوانیوں اور خراب پالیسیوں کو بے نقاب کرنے کے لیے شاہ رخ خان کا شکریہ ادا کرنا چاہیے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ یہ فلم تمام ناظرین کو کانگریس کی زیرقیادت اتحادی حکومت کے دوران المناک سیاسی ماضی کی یاد دلاتی ہے۔ مزید برآں انہوں نے یہ بھی کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں حکومت نے صاف ریکارڈ برقرار رکھا ہے۔

بی جے پی کے ترجمان نے فلم کے ایک ڈائیلاگ کا حوالہ دیا جس میں شاہ رُخ خان کہتے ہیں، 'ہم جوان ہیں، اپنی جان ہزار بار داؤ پر لگا سکتے ہیں لیکن صرف دیش کے لیے؛ تمھارے جیسے دیش بیچنے والے کے لیے ہرگز نہیں'۔ ترجمان نے کہا کہ یہ ڈائیلاگ گاندھی خاندان کے لیے بہت موزوں ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں