خوش قسمت بچی کو اپنی سالگرہ کی تقریب میں زمین سے قیمتی ہیرا مل گیا

سال گرہ کی تقریب آرکنساس کے ڈائمنڈ اسٹیٹ پارک میں رکھی گئی تھی جو ایک آتش فشاں کے قریب ہے


ویب ڈیسک September 14, 2023
7 سالہ بچی کو اپنی سال گرہ کے دن زمین سے 2.9 قیراط کا ہیرا مل گیا؛ فوٹو: فائل

امریکی ریاست آکنساس کے ڈائمنڈز اسٹیٹ پارک میں 7 سالہ بچی کی سالگرہ کی تقریب کے دوران خوش قسمتی سے بچی کو 2.9 قیراط کا ہیرا مل گیا۔

امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق ریاست آرکنساس کے ڈائمنڈ اسٹیٹ پارک میں 7 سالہ بچی کی سال گرہ کی تقریب رکھی گئی تھی۔ یہ پارک آتش فشاں گڈھے کی کٹی ہوئی سطح کے نزدیک واقع ہے۔

اس مقام پر ہیرے سمیت کئی قیمتی پتھر دریافت ہوتے رہتے ہیں اور کئی افراد اس پارک میں صرف اسی کام کے لیے آتے ہیں تاہم 7 سالہ براؤن یہاں اپنی سال گرہ منانے دادا اور دادی کے ہمراہ آئی تھی۔

تقریب کے دوران وہ اپنی سہیلی کے ساتھ کھیل رہی تھی کہ اسے زمین سے مٹر کے دانے کے برابر ایک چکمتی ہوئی چیز ملی جو اس نے اپنے دادا دادی کو دیدی۔

پارک انتظامیہ اور پھر ماہر جوہری نے بھی تصدیق کی کہ یہ 2.9 قیراط کا ایک قیمتی ہیرا ہے۔ پارک انتظامیہ نے بچی سے کہا کہ یہ قدرت کی طرف سے آپ کے لیے سال گرہ کا تحفہ ہے۔

پارک انتظامیہ کے حکام کا کہنا ہے کہ حالیہ برسوں میں ملنے والے ہیروں میں سے یہ یقینی طور پر سب سے خوبصورت ہیرا ہے۔ ہیرے کا رنگ سنہری بھورا اور یہ مکمل کرسٹل ہے جس میں کوئی ٹوٹا ہوا پہلو نہیں۔

خیال رہے کہ رواں برس اس پارک سے یہ ملنے والا یہ دوسرا بڑا ہیرا ہے۔ اس سے قبل ملنے والا بھورے رنگ کا ہیرا 3.29 قیراط کا تھا۔ اس مقام پر 75 ہزار سے زائد ہیرے دریافت ہوچکے ہیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔