قائمہ کمیٹی توانائی کا نیپرا چیئرمین اور ارکان کے سمن جاری کرنے کا فیصلہ
چیئرمین نیپرا وسیم مختار کو رہنا ہے تو اجلاس میں شرکت کیا کریں، چیئرمین قائمہ کمیٹی کا اظہار برہمی
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے توانائی نے عدم حاضری پر چیئرمین نیپرا اور چاروں ممبران نیپرا کے سمن جاری کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق سینیٹر سیف اللہ ابڑو کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی توانائی کا اجلاس منعقد ہوا۔ چیئرمین نیپرا کی اجلاس میں عدم شرکت پر قائمہ کمیٹی نے اظہار برہمی کیا۔ کمیٹی نے چیئرمین نیپرا اور ممبران کو فوری طور پر اجلاس میں طلب کرلیا۔
چیئرمین کمیٹی سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے کہا کہ وسیم مختار کو چیئرمین نیپرا ہم نے نہیں لگایا وسیم مختار کو رہنا ہے تو اجلاس میں شرکت کیا کریں۔
سینیٹر بہرہ مند تنگی نے کہا کہ بجلی چوری کے خلاف کریک ڈاؤن کو سپورٹ کرتے ہیں، پہلی دفعہ ہم نے میٹر کی فراہمی اور ریکوری کے لیے کچھ ہوتے دیکھا ہے۔
ایڈیشنل سیکریٹری پاور ڈویژن نے کہا کہ بجلی کے خلاف کریک ڈاؤن 7 ستمبر کو شروع کیا گیا، ڈسکوزکو کہا گیا کہ 589 ارب روپے کی ریکوری کے لیے سخت اقدامات کریں، چاردن تو ڈسکوز کی کارکردگی مایوس کن تھی صرف اڑھائی کروڑ کی ریکوری ہوئی جس پر ڈسکوز کے خلاف ایکشن لیا گیا پھر تین دن میں ریکوری بڑھ کر ایک ارب روپے ہوگئی۔
یہ پڑھیں : سات دنوں میں ایک ارب یونٹ بجلی ریکور کرلی، پاور ڈویژن
ایڈیشنل سیکریٹری پاور ڈویژن نے کہا کہ پیسکو کے چیف ایگزیکٹو کو کل عہدے سے ہٹایا گیا وہ ریکوری بڑھانے میں ناکام رہے، آئیسکو کے 8 افسران معطل کیے گئے، سکھرکے ایک افسر کو کرپشن پر ایف آئی اے کے حوالے کیا گیا۔
چئیرمین کمیٹی سیف اللہ ابڑو نے کہا کہ چلیں ایک کرپٹ افسر تو پکڑا گیا، وزارت پہلے کیوں سوئی ہوئی تھی اس تباہی کا کون ذمہ دار ہے، پانچ سال میں اندھے بورڈ لگانے والا کون تھا اس کا ذمہ دار وفاقی سیکریٹری پاور ہے ، سیکریٹری پاور میں جرأت نہیں کہ اس اجلاس میں آ کر تفصیلات بتائے، تبدیلی تو سیکریٹری کی ہونی چاہیے جس نے اتنا عرصہ بگاڑ کو کیوں نہیں روکا۔
سینٹر بہرہ مند تنگی نے کہا کہ آج کے اجلاس میں سیکریٹری پاور کو ہونا چاہیے تھا، سیف اللہ ابڑو نے کہا کہ سیکریٹری پاور کو ابھی اجلاس میں بلائیں سیکریٹری صاحب ساری رات اجلاس کرتے ہیں ہمیں بھی تو بتائیں تاکہ ہم بھی انہیں شاباشی دیں۔
سینٹر بہرہ مند تنگی نے کہا کہ نگران وزیر توانائی کو اجلاس میں آنا چاہیے تھا اگر وزیر کا خیال ہے کہ وہ تین ماہ کیلئے صرف موج کرنے آئے ہیں تو ٹھیک ہے ورنہ انہیں اجلاس میں آنا چاہیے۔
سیف اللہ ابڑو نے کہا کہ نگران وزیر نے بیان دیا ہے کہ اگر آئی پی پیز کو چھیڑا گیا تو تباہی آجائے گی، نگران وزیر اگر ملک کے مسائل حل کرنے میں سنجیدہ ہیں تو فوراً اجلاس میں آئیں۔
کمیٹی نے چیئرمین نیپرا اور نیپرا ممبران کی عدم شرکت پر اظہار برہمی کیا اور اراکین نے طے کیا کہ چیئرمین نیپرا سمیت چاروں ممبران کے سمن جاری کیے جائیں۔
کمیٹی نے پاور ڈویژن کو آئندہ اجلاس میں چیئرمین اور ممبران کی حاضری یقینی بنانے کا کہا جس پر پاور ڈویژن حکام نے کہا کہ نیپرا کابینہ ڈویژن کے ماتحت ہے پاور ڈویژن کے نہیں۔
چیئرمین کمیٹی سیف اللہ ابڑو نے کہا کہ کمیٹی کے سمن کو کابینہ ڈویژن بھیجا جائے۔