روس کا پاکستان کو سستے داموں پیٹرول کی فراہمی جاری رکھنے کا عزم

پاکستان نے روس سے رواں برس ایک لاکھ ٹن خامتیل سستے داموں درآمد کیا تھا

پاکستان نے رواں برس ایک لاکھ ٹن خام تیل روس سے برآمد کیا ہے، فوٹو: فائل

روس نے ایک بار پھر اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ پاکستان کو رعایتی قیمتوں پر پیٹرول کی فراہمی جاری رکھیں گے اور اس حوالے سے قیمتوں پر بات چیت جاری ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق روسی سفیر ڈینیلا گانچ نے اس خدشے کو مسترد کردیا کہ روس ، پاکستان کو پیٹرول کی ترسیل جاری نہیں رکھے گا۔

روسی سفیر نے بھارت کا نام لیے بغیر کہا کہ ہم کسی تیسرے ملک کے ساتھ اپنے تعلقات کو خراب کیے بغیر پاکستان کے ساتھ آزادانہ تعلقات رکھنا سیکھ رہے ہیں۔


پاکستان میں روس کے سفیر ڈینیلا گانچ نے مزید بتایا کہ رواں برس ایک لاکھ ٹن تیل پاکستان کو فروخت کرچکے ہیں اور یہ سلسلہ جاری رکھنا چاہتے ہیں۔

روسی سفیر نے مزید کہا کہ پاکستان اور روس قیمتوں کے معاملے پر بات چیت کر رہے ہیں اور امید ہے کسی ایک قیمت پر جلد اتفاق ہوجائے گا۔

یاد رہے کہ رواں برس کے آغاز میں پاکستان اور روس کے درمیان سستے داموں پیٹرول کی خریداری کا معاہدہ طے پایا تھا جس کے نتیجے میں ایک لاکھ ٹن خام تیل پاکستان پہنچا تھا۔

پاکستان اپنی ضرورت کا 20 فیصد پیٹرول روس سے خریدنے کا خواہاں ہے جس کی وجہ پیٹرول کی بڑھتی ہوئی عالمی قیمتیں اور ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں مسلسل کمی ہے۔
Load Next Story