شہزادی ڈیانا کا سویٹر 11 لاکھ ڈالر میں نیلام

اس سویٹر کا رنگ سرخ ہے اور سفید بھیڑوں کے ساتھ ایک سیاہ بھیڑ بنی ہے جو 1981 میں پہلی مرتبہ پہنا گیا تھا


ویب ڈیسک September 15, 2023
جون 1983 کی اس تصویر میں شہزادی ڈیانا دی بلیک شیپ سویئٹر پہنی ہوئی ہیں۔ فوٹو: سی این این

برطانیہ کی مشہور شاہی شخصیت لیڈی ڈیانا کا ایک عام سویٹر ریکارڈ قیمت پر نیلام ہوا ہے جو اب تک سب سے مہنگے داموں فروخت ہونے والا سویٹر بھی ہے۔ اب یہ سوئٹر 1,143,000 ڈالر میں نیلام ہوا ہے۔

اس سویٹر کو 'دی بلیک شیپ' (سیاہ بھیڑ) کا نام دیا گیا ہے جس کی زمین سرخ ہے اور بہت سی سفید بھیڑوں کے درمیان ایک سیاہ بھیڑ کاڑھی گئی ہے۔ نیویارک میں نہ صرف یہ لیڈی ڈیانا کی اشیا میں سب سے زائد قیمت پر نیلام ہوا بلکہ مہنگے ترین سویٹر کا اعزاز بھی اپنے نام کیا ہے۔

اس میں کوئی شک نہیں شہزادی ڈیانا کو فیشن اور اسٹائل کا بہت خیال تھا بلکہ ان کا لباس اور دیگر فیشن نے دنیا بھر میں قبولیت عام کے کئی رکارڈ بھی قائم کئے تھے۔ دی بلیک شیپ کو سب سے پہلے انہوں نے ایک پولو میچ کے دوران پہنا تھا اور جب نیویارک کے مشہور نیلام گھرسودبے میں اسے پیش کیا گیا تو صرف 15 مںٹ میں بولی ختم ہوگئی جس کی رقم پاکستانی روپوں میں 42 کروڑ 23 لاکھ کے برابر ہے۔



اس سے قبل ڈیانا کا سب سے قیمتی لباس 604,800 ڈالر میں نیلام ہوا تھا جو وکٹر ایڈلسٹائن کمپنی کا بنایا ہوا ایک گاؤن تھا۔ یہ لباس 1989 میں تیار کردہ عنابی مخملی گاؤن اور ایک اسکرٹ پر مشتمل تھا۔

1979 میں برطانیہ کی مشہور ڈیزائنر سیلی موئر نے یہ سویٹر بُنا تھا جو سفید سرخ اور سیاہ اون پرمشتمل تھا۔ سرخ زمین والے سویٹر پر سفید بھیڑوں کی ایک قطار ہے اور ان میں ایک سیاہ بھیڑ الگ تھلگ دکھائی دیتی ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق یہ سویٹر زیادہ سے زیادہ 80 ہزار ڈالر میں فروخت ہوسکتا تھا لیکن یہ غیرمعمولی ہوش ربا قیمت پر فروخت ہوا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں