عوام نواز شریف کو دو تہائی اکثریت سے وزیراعظم بنائیں تو مہنگائی کم ہوگی مریم نواز

عوام ووٹ دینے کا وعدہ پورا کریں، مہنگائی کم کرنے کا وعدہ ہم پورا کر کے دکھائیں گے، نائب صدر ن لیگ


ویب ڈیسک September 15, 2023
(فوٹو: فائل)

مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عوام نواز شریف کو دو تہائی اکثریت وزیراعظم بنائیں مہنگائی میں واضح کمی کر کے دکھائیں گے۔

نواز شریف کی واپسی سے متعلق مریم نواز کی زیر صدارت پارٹی رہنماؤں اور کارکنان کا اجلاس ہوا، جس میں نواز شریف کی واپسی کے حوالے سے انتظامات اور استقبال کی تیاریوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف واپس آکر معاشی بدحالی بے روزگاری کے اندھیرے ہمیشہ کیلیے ختم کردیں گے، عوام نے تین بار پہلے بھی نواز شریف کو ملک کی خدمت کا موقع دیا اور نواز شریف نے ہر وعدے کو پورا کیا، ملک کو ہر دور میں بحرانوں سے نکالا۔

اُن کا کہنا تھا کہ سب کچھ سہہ کر آج بھی نواز شریف کی ترجیح ملک اور عوام ہیں، یقین دلاتی ہوں پاکستانی قوم کے اچھے دن آنے والے ہیں، ہم سب نے تاریخی جذبے کے ساتھ کام کرنا ہے، عوام واضح سوچ کے ساتھ ووٹ کی طاقت سے فیصلہ کریں۔

مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف بجلی کے مہنگے بلوں سے نجات دلائیں گے اور قوم کے معاشی دکھ دور کریں گے، اکیس اکتوبر پاکستان کی جمہوری تاریخ کا روشن باب بنے گا، عوام ایک وعدہ پورا کریں دوسرا پورا کرنے کی ذمہ داری ہم کرتے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی واپسی بحران اور اندھیروں میں گھرے پاکستان کیلیے طلوع سحر ہے، پاکستان کا بیٹا ملک کو مشکلات سے نکالنے میں تاریخی کردار ادا کرنے اور قوم کو مہنگائی و لاقانونیت سے نجات دلانے کیلیے پاکستان واپس آرہا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ ملک کو انتقام نہیں بلکہ اتحاد، امن، ترقی اور غریبوں کو مہنگائی سے نکالنے کا ایجنڈا چاہیے۔

مریم نواز اور ن لیگ کی قیادت نے نواز شریف کی وطن واپسی اور تیاریوں اور شاندار استقبال کیلیے کمیٹیاں تشکیل دے دیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔