ایم فائیو موٹروے پر حادثہ دلہن سمیت ایک ہی خاندان کے 8 افراد جاں بحق

حادثہ تیز رفتاری اور ڈرائیور کی غفلت کی وجہ سے پیش آیا، بدقسمت خاندان سکھر سے صادق آباد جارہا تھا

(فوٹو: فائل)

سکھر سے صادق آباد جانے والی گاڑی کو ایم فائیو موٹروے پر خوفناک حادثہ پیش آیا جس میں نوبیاہتا دلہن سمیت 8 افراد جاں بحق ہوگئے۔

موٹروے پولیس کے مطابق ایم فائیو پر گاڑی کو حادثہ تیز رفتاری اور غفلت کے باعث پیش آیا جس میں سوار دس افراد میں سے 8 موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ دو زخمی ہیں جن میں سے دلہا کی حالت تشویشناک ہے۔

موٹروے پولیس کے مطابق کار مخالف سمت سے آنے والے ٹرالر سے ٹکرائی۔


بدقسمت خاندان شادی کی رسم ادا کرنے سکھر سے صادق آباد کے علاقے ماہی کے لیے روانہ ہوا تو میر پور ماتھلو کے قریب گاڑی کو حادثہ پیش آیا۔

خاندانی ذرائع کے مطابق حادثہ چھوٹی گاڑی میں گنجائش سے زیادہ افراد بٹھانے کی وجہ سے پیش آیا۔

جاں بحق ہونے والوں کی شناخت حسینہ بی بی، سویرا حیدر، فرزانہ نظام مصطفیٰ، عزیز سلطان شاہزیب، ایک سالہ جانوال کے ناموں سے ہوئی، جبکہ زخمیوں میں 25 نوبیاہتا دلہا حیدر مستوئی اور سات سالہ سمیرا شامل ہے جنہیں اسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے

ریسکیو حکام نے لاشوں اور زخمیوں کو رحیم یار خان کے شیخ زید اسپتال منتقل کردیا۔ حادثے کا شکار دلہا دلہن کی دو روز قبل شادی ہوئی تھی اور وہ رسم کی ادائیگی کیلئے اہل خانہ کے ساتھ لڑکی کے گھر جارہے تھے۔
Load Next Story