2024

لیبیا میں شدت پسندوں نے اردن کے سفیرکو اپنے ساتھی کی رہائی کے بدلے رہا کردیا

دہشتگردی کے الزام میں سزا کاٹنے والے مجرم کو لیبیائی حکام کے حوالے کرنے کے بعد سفیر کی رہائی عمل میں آئی،اردنی حکام


اردن کے سفیر رہائی کے بعد جب اپنے وطن پہنچے تو ان کا انتہائی شانداراستقبال کیا گیا۔ فوٹو؛فائل

لیبیا میں شدت پسندوں نے اردن کے سفیرکو اپنے ساتھی کی رہائی کے بدلے رہا کردیا جس کے بعد وہ اپنے وطن اردن پہنچ گئے۔


غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق 15 اپریل کو لیبیا کے دارالحکومت طرابلس سے اغوا کئے جانے والے اردن کے سفیر رہائی کے بعد جب اپنے وطن پہنچے تو ان کا انتہائی شانداراستقبال کیا گیا اس موقع پر اردن کے شاہ عبداللہ دوئم کے بھائی کے ساتھ ان کے عزیز و اقارب اور سرکاری حکام کی بڑی تعداد ایئرپورٹ پر موجود تھی، میڈیا سے بات کرتے ہوئے سفیر فواز الایتان مارکہ کا کہنا تھا کہ اردن کی جیل میں سنگین جرم میں قید سعید الدرسی کے رشتہ داروں نے انہیں اغوا کیا تاہم اس دوران ان کے ساتھ کوئی ناروا سلوک نہیں کیا گیا۔


اردن کے پارلیمانی امور کے وزیر کا کہنا تھا کہ گزشتہ ہفتے دہشت گردی کے الزام میں عمر قید کی سزا کاٹنے والے مجرم سعید الدرسی کو لیبیائی حکام کے حوالے کرنے کے بعد ہمارے سفیر کی رہائی عمل میں آئی۔


واضح رہے کہ طرابلس میں اردنی سفیر کو نامعلوم ملزمان 15 اپریل کو اغوا کر کے اپنے ہمراہ لے گئے تھے جس کے بعد مطالبہ کیا گیا تھا کہ سفیر کے بدلے اردن کی جیل میں قید سعید الدرسی کو رہا کیا جائے جبکہ اردنی عدالت نے 2007 میں سعید الدرسی کو دہشت گردی کے الزام میں عمر قید کی سزا کا حکم سنایا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں