ملک کے شمالی علاقوں میں 16 سال بعد مئی کے مہینے میں برف باری
ملک کے بالائی علاقوں میں ہونے والی غیر معمولی بارشوں کے باعث گرمی کا زور ٹوٹ گیا جبکہ کشمیر اور شمالی علاقوں کے پہاڑوں پر مئی کے مہینے میں 16 سال بعد برف باری ریکارڈ کی گئی۔
محمکہ موسمیات کے مطابق مئی کے مہینے میں ملک کے مختلف علاقوں میں ہونے والی شدید بارشوں کا کئی سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا جبکہ بارشوں کا حالیہ سلسلہ آئندہ چند روز تک جاری رہے گا جس کے دوران بالائی علاقوں اور پنجاب میں وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے حالیہ بارشوں کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ شمالی علاقوں میں مسلسل بارش برساتی ریلوں کی شکل اختیار کرسکتی ہے تاہم بعض علاقوں میں مون سون کے دوران طوفانی بارشوں کا امکان ہے جس کی وجہ سے ان علاقوں میں سیلاب آنے کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات کا مزید کہنا تھا کہ بارشوں سے سندھ اور بلوچستان کے جنوبی علاقوں کے درجہ حرارت میں کم سے کم 3 سے 5 ڈگری، پنجاب اور خیبر پختونخوا میں 5 سے 7 اور کشمیر و شمالی علاقوں میں اوسطاً 7 سے 8 ڈگری کمی آئی ہے تاہم بارشوں کا یہ سلسہ رفتہ رفتہ زیریں علاقوں کی جانب بھی بڑھے گا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل 1998 میں مئی کے مہینے میں سوات، کالام، اسکردو اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں برف باری ریکارڈ کی گئی تھی۔