سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کو گرفتار کرلیا گیا

نہیں معلوم سابق وزیر داخلہ کو کس مقدمہ میں گرفتار کیا گیا، وکیل شیخ رشید


ویب ڈیسک September 17, 2023
—فائل فوٹو

سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کو نجی ہاؤسنگ سوسائٹی سے گرفتار کرلیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اسلام آباد پولیس نے شیخ رشید کو دو بھتیجوں سمیت گرفتار کیا، انہیں نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے فیز 3 سے گرفتار کیا گیا۔

شیخ رشید کے وکیل سردار عبدالرازق نے گرفتاری کی تصدیق کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی، اسلام آباد پولیس اور سادہ کپڑوں میں اہلکار آئے تھے اور انہیں گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ شیخ رشید نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے فیز 3 میں اپنی رہائشگاہ پر موجود تھے۔ سردار رازق ایڈووکیٹ نے بتایا کہ پولیس نے شیخ رشید کے بھتیجے شیخ شاکر اور ملازم عمران کو بھی گرفتار کیا۔

شیخ رشید کے وکیل نے بتایا کہ نہیں معلوم سابق وزیر داخلہ کو کس مقدمہ میں گرفتار کیا گیا ہے، قانونی راستہ اختیار کریں گے۔

شیخ رشید پولیس کے حوالے

بعدازاں رات گئے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق شیخ رشید احمد کو راولپنڈی پولیس کے حوالے کردیا گیا۔ راولپنڈی پولیس شیخ رشید کو سخت سیکورٹی میں اسلام آباد سے لے کر آئی ہے۔

شیخ رشید کو راولپنڈی پولیس نے گرفتار نہیں کیا، ترجمان راولپنڈی پولیس

شیخ رشید کی گرفتاری کے تناظر میں ترجمان راولپنڈی پولیس نے وضاحت کی کہ راولپنڈی پولیس نے شیخ رشید کو گرفتار نہیں کیا ہے اور نہ ہی وہ راولپنڈی پولیس کی تحویل میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گرفتاری کی حوالے سے چلنے والی خبروں کی راولپنڈی پولیس تردید کرتی ہے۔

شیخ رشید کی گرفتاری کیلیے کمانڈ ایس ایس پی آپریشنز راولپنڈی نے کی، وکیل شیخ رشید

بعدازاں شیخ رشید کے وکیل نے ایک ویڈیو پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے کہا کہ شیخ رشید کو آج اسلام آباد تھانہ لوہی بھیر کی حدود سے راولپنڈی پولیس نے گرفتار کیا اور ایس ایس پی آپریشنز راولپنڈی فیصل سلیم ٹیم کی کمانڈ کررہے تھے۔

سردار عبدالرازق نے مزید کہا کہ ایس ایچ او نیوٹاون، ایس ایچ او سول لائنز، ایس ایچ او ویسٹریج بھی ریڈ میں شامل تھے، راولپنڈی پولیس نے شیخ رشید، ان کے بھتیجے شیخ شاکر، ملازم عمران اور ڈرائیور سجاد کو حراست میں لیا۔

 

شیخ رشید کی گرفتاری پر ان کے بھتیجے سابق ایم این اے کا ویڈیو بیان

شیخ رشید کی گرفتاری پر ان کے بھتیجے سابق ایم این اے شیخ راشد شفیق نے کہا کہ شیخ رشید پولیس کو کسی مقدمہ میں مطلوب نہیں تھے، شیخ رشید کو پولیس نے اسلام آباد سے گرفتار کیا، بڑے بھائی شیخ شاکر اور ملازم شیخ عمران کو بھی اٹھا لیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب اور اسلام آباد پولیس نے عدالتوں میں کہا تھا شیخ رشید کسی مقدمہ میں مطلوب نہیں ہیں، شیخ رشید نے ہمیشہ شرافت اور خدمت کی سیاست کی ہے، سپریم کورٹ سے مطالبہ کرتا ہوں ہمیں بتایا جائے شیخ رشید کو کیوں گرفتار کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ شیخ رشید کو کچھ بھی ہوا تو وفاقی اور پنجاب حکومت ذمہ دار ہوں گے، ہمارے وکیل سردار عبدالرازق عدالتوں میں جائیں گے۔

 

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں