ایشیاکپ 2023 کے فائنل میں بننے والے ریکارڈز
50 رنز کا ہدف ون ڈے کرکٹ میں بھارت کیخلاف کسی بھی ٹیم کا سب سے کم اسکور تھا
ایشیا کپ کے فائنل میں بھارت نے سری لنکا کو جس بدترین شکست سے دوچار کیا ایسا کسی بھی ون ڈے انٹرنیشنل ٹورنامنٹ کے فائنل میچ میں پہلے نہیں دیکھا گیا۔
اتوار کو کولمبو میں کھیلے گئے ایشیا کپ 2023 کے فائنل میں سری لنکا کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 15.2 اوورز میں صرف 50 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی جس کے جواب میں بھارت نے 6.1 اوورز میں 263 گیندوں قبل ہی بغیر کسی نقصان کے ہدف حاصل کرلیا۔
اننگز میں باقی گیندوں کے لحاظ یہ بھارت کی سب سے بڑی فتح اور سری لنکا کی سب سے بدترین شکست ہے۔ یہ ون ڈے کرکٹ میں بھارت کیخلاف کسی بھی ٹیم کا سب سے کم اسکور تھا۔ اس سے پہلے 2014 میں سری لنکن ٹیم میرپور ون ڈے میں 58 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔
مزید پڑھیں: بھارت نے سری لنکا کو شکست دیکر ایشیا کپ جیت لیا
میچ کے دوران بھارتی فاسٹ بولر محمد سراج اپنی تباہ کن بولنگ کی بدولت ون ڈے کی تاریخ میں ایک اوور میں 4 وکٹیں لینے والے چوتھے بولر بن گئے۔ محمد سراج نے اس میچ میں سات اوورز میں 21 رنز دیکر 6 وکٹیں حاصل کیں۔
یہ کسی بھی بھارتی بولر کی ابتک کی بہترین کارکردگی ہے۔ اس سے پہلے بھارتی بولر ارشد ایوب نے 1988 میں ڈھاکہ میں پاکستان کے خلاف 9 اوورز میں 21 رنز دیکر 5 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
یہ بھ پڑھیں: ایشیاکپ؛ فاتح اور رنر اَپ ٹیموں کو کتنی انعامی رقم ملے گی؟
پاکستان کے فاسٹ بولر عاقب جاوید بھی 1995 میں شارجہ میں بھارت کے خلاف 19 رنز کے عوض 5 وکٹیں لیکر بہترین کارکردگی دکھا چکے ہیں۔
اس میچ میں محمد سراج نے ون ڈے کرکٹ میں سے تیزی سے ایک اننگز میں 5 وکٹیں لینے کا سابق سری لنکن فاسٹ بولر چمندا واس کا ریکارڈ بھی برابر کردیا۔
محمد سراج نے محض 16 گیندوں پر پانچ وکٹیں حاصل کیں جبکہ چمندا واس نے بھی 2003 کے ورلڈ کپ میں بنگلہ دیش کے خلاف 16 گیندوں پر ہی پانچ وکٹیں حاصل کی تھیں۔