حسن علی ریٹائرمنٹ کے مطالبے پر حیران رہ گئے

ابھی تو 29سال کا نوجوان لڑکا ہوں، پیسر

ارشد اقبال واقعی اچھے بولر ہیں مگر میں کیوں کھیل چھوڑ دوں، فاسٹ بولر (فوٹو : انٹرنیٹ)

'ابھی تو میں جوان ہوں' حسن علی نے ریٹائرمنٹ کے مطالبے پر حیرت ظاہر کردی۔

فاسٹ بولر حسن علی نے پاکستان کی جانب سے 2016 میں ڈیبیو کیا تھا، رواں برس وہ مختصر فارمیٹ کی کسی بھی سیریز کیلیے زیرغور نہیں لائے گئے جبکہ ٹیسٹ کرکٹ میں انھوں نے رواں سال نیوزی لینڈ کے خلاف میچ کھیلا، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور نسیم شاہ کی جانب سے عمدہ پرفارمنس کی وجہ سے انھیں موقع نہیں مل رہا تاہم شائقین کی جانب سے انھیں اب کھیل سے ریٹائرمنٹ لینے کا مشورہ ملنے لگا ہے جس پر انھوں نے کافی حیرت ظاہر کی ہے۔

ٹویٹر پر ایک شائق کی جانب سے ان سے درخواست کی گئی کہ وہ وائٹ بال کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لیں، انھوں نے آنے والے ورلڈ کپ کیلیے انجرڈ نسیم شاہ کی جگہ ارشد اقبال کو منتخب کرنے کا مشورہ بھی دیا ہے۔


یہ بھی پڑھیں: شاداب خان کا حسن علی پر تنقید کرنے والے شخص کو کرارا جواب

انھوں نے یہاں دعویٰ کردیا کہ حسن علی حریف بیٹرز کو وکٹ پر سیٹ ہونے کا موقع فراہم کرتے اور ان کی موجودگی سے ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم کو شرمندگی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے، انھوں نے براہ راست حسن علی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ازخود ہی ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیں.

مذکورہ صارف نے پوسٹ کیا کہ ارشد اقبال کا ایکسٹرا باؤنس دیکھیں، وہ بہت کم ہی کوئی خراب گیند کرتے ہیں، ان کے خلاف رنز بنانے میں بیٹرز کو مشکل پیش آتی ہے، حسن علی تو بس آتے ہیں بیٹرز کو کریز پر سیٹ کرانے کیلیے ہیں، پلیئرز حسن علی آپ وائٹ بال کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیں، ہمیں ایک اور ورلڈ کپ میں شرمندہ نہیں ہونا۔

اس پر حسن علی نے مذکورہ صارف کو سوشل میڈیا پر ہی جواب دیتے ہوئے کہا کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ ارشد اقبال ایک بہترین بولر ہیں، لیکن میں کیوں ریٹائرمنٹ لے لوں، میں تو ابھی 29 سال کا نوجوان لڑکا ہوں۔
Load Next Story