9 مئی کیس میں حلیم عادل شیخ کی ضمانت منظور عدالت کا رہا کرنے کا حکم
راجہ اظہر کی بھی ضمانت منظور، اگر کسی اور مقدمے میں پولیس کو مطلوب نہیں ہیں تو جیل سے رہا کیا جائے، عدالت
انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے 9 مئی کو جلاؤ گھیراؤ اور آتشزدگی کے واقعات کے مقدمات میں گرفتار پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ اور راجہ اظہر کی ضمانت منظور کرلی۔
عدالت نے دونوں ملزمان کو ایک ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ دونوں اگر کسی اور مقدمے میں پولیس کو مطلوب نہیں ہیں تو جیل سے رہا کیا جائے۔
انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے 9 مئی کو جلاؤ گھیراؤ اور آتشزدگی کے واقعات کے مقدمات میں گرفتار پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ اور راجہ اظہر کی جانب سے ضمانت سے متعلق دائر درخواست کی سماعت کی۔
وکیل صفائی نے موقف دیا کہ پراسیکیوشن اور تفتیشی افسر دونوں رہنماؤں کے خلاف الزامات ثابت کرنے میں ناکام رہے۔ پولیس خود کہتی ہے کہ سیکڑوں افراد احتجاج کررہے تھے، پولیس کا کام تھا جلاؤ گھیراؤ میں ملوث افراد کو تلاش کرکے گرفتار کرتی ہے۔
تھانہ ٹیپو سلطان اور دیگر تھانوں میں درج مقدمات میں گرفتار بیشتر کارکنوں کی بھی ضمانت منظور ہوچکی ہے، دونوں رہنما رکن صوبائی اسمبلی رہے ہیں اور قانون پسند شہری ہیں۔
عدالت نے حلیم عادل شیخ اور راجہ اظہر کی ضمانت منظور کرلی۔ عدالت نے دونوں ملزمان کو ایک ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے ریمارکس میں کہا کہ دونوں اگر کسی اور مقدمے میں پولیس کو مطلوب نہیں ہیں تو جیل سے رہا کیا جائے۔