قطر کی ثالثی میں امریکا اور ایران نے ایک دوسرے کے قیدیوں کو رہا کردیا

امریکا نے جنوبی کوریا میں ایران کے منجمد 6 ارب ڈالر بھی بحال کردیئے


ویب ڈیسک September 18, 2023
امریکا نے قیدیوں کی رہائی پر ایران کے 6 ارب ڈالر کے فنڈز بحال کردیے؛ فوٹو: فائل

قطر کی ثالثی میں ہونے والے معاہدے کے تحت ایران نے پانچ قیدیوں کو امریکا سے آئے ہوئے طیارے میں دوحہ کے لیے روانہ کردیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران نے امریکا کے 5 شہریوں کی رہائی کے بدلے 6 ارب ڈالر کا فائدہ اُٹھایا جب کہ امریکا نے بھی 5 ایرانی قیدیوں مہرداد معین انصاری، کمبیز عطار کاشانی، رضا سرہنگ پور کافرانی، امین حسن زادہ اور کاوے افراسیابی کو رہا کردیا۔

جیسے ہی ایران سے امریکی قیدیوں کو لے کر طیارے نے قطر کے لیے اُڑان بھری۔ ایران کے جنوبی کوریا میں منجمد 6 ارب ڈالر کی رقم بحال کردی گئی۔

اب یہ رقم جنوبی کوریا سے دوحہ کے اکاؤنٹس میں منتقل ہوگئی جہاں معاہدے کے تحت قطر اس رقم کے انسانی بنیادوں پر خرچ کرنے کو یقینی بنائے گا۔

ادھر امریکا نے جن 5 ایرانی قیدیوں کو رہا کیا ان میں سے صرف 2 دوحہ پہنچے ہیں جو جلد ایران آئیں گے جب کہ 2 نے امریکا میں ہی رہنے کو ترجیح دی اور ایک اپنے خاندان کے ساتھ کسی تیسرے ملک جائیں گے۔

دوسری جانب ایران میں رہائی پانے والے 51 سالہ سیماک نمازی ،59 سالہ عماد شرقی اور 67 سالہ ماہر ماحولیات مراد تہ باز بھی دوحہ پہنچ گئے جب کہ دیگر 2 کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔

جوبائیڈن انتظامیہ نے قطر معاہدے پر عمل درآمد کو سراہا ہے اور امریکی شہریوں کی بحفاظت واپسی پر امیر قطر کا شکریہ ادا کیا جب کہ اپوزیشن جماعت نے ایران کے فنڈز کی بحالی پر کڑی تنقید کی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔