ون ڈے رینکنگ نمبر ون ٹیم کی دوڑ پوری شدت سے جاری

بھارت نے اگر آسٹریلیا کو کلین سوئپ کر دیا تو پاکستان کو پیچھے جانا پڑے گا


Sports Desk September 19, 2023
بھارت نے اگر آسٹریلیا کو کلین سوئپ کر دیا تو پاکستان کو پیچھے جانا پڑے گا (فوٹو: ٹوئٹر)

ون ڈے ٹیم رینکنگ میں ورلڈ کپ سے قبل نمبر ون کی دوڑ پوری شدت سے جاری ہے۔

ون ڈے رینکنگ میں مسلسل تبدیلیاں دیکھنے میں آ رہی ہیں، آسٹریلیا نے ٹاپ پوزیشن پر مختصر قیام کیا،اس کے بعد پاکستان نے ایک بار پھر نمبر ون کا اعزاز حاصل کرلیا، گرین شرٹس اگرچہ ایشیا کپ سپر فور راؤنڈ میں بھارت اورپھر سری لنکا سے شکست کھا کر ٹائٹل کی دوڑ سے باہر ہوگئے تھے مگر ماضی کے مثبت نتائج ٹاپ پوزیشن پر دوبارہ کھینچ لائے۔

بابرالیون کی جگہ بھارتی ٹیم نمبر ون پوزیشن پرفائز ہوتی اگر اسے سپر فور راؤنڈ میں بنگلہ دیش کے ہاتھوں غیرمتوقع طور پر شکست کا منہ نہ دیکھنا پڑتا، اس ناکامی نے بلو شرٹس کو تیسرے نمبر پر پہنچادیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان ون ڈے رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر واپس آگیا

پاکستانی سائیڈ دوسرے نمبر پر پہنچ گئی مگر ابھی رینکنگ کے ٹاپ پر اکھاڑ پچھاڑ ہونا باقی تھی، اس لیے بھارت کے سری لنکا کو شکست دے کر ایشیائی چیمپئن بننے کے باوجود گرین شرٹس کو ٹاپ پر پہنچنے کا موقع مل گیا اس کی وجہ آسٹریلیا کی پانچویں ون ڈے میں جنوبی افریقہ کے ہاتھوں شکست بنی۔

کینگروز کو اس سیریز میں2-3سے ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا تھا، اس شکست نے آسٹریلوی ٹیم کو ون ڈے رینکنگ میں تیسرے نمبر پر پہنچا دیا ، اس کے پوائنٹس کی تعداد بھی اب 113 ہوگئی ہے، اگرچہ پاکستان اور بھارت کے ریٹنگ پوائنٹس کی تعداد ایک جیسی 115 ہی ہے تاہم گرین شرٹس اعشاریائی پوائنٹس کی وجہ سے ٹاپ پر موجود ہیں۔

بھارت کے پاس ورلڈ کپ سے قبل ٹاپ پوزیشن پر پہنچنے کا موقع موجود ہے، مقصد کے حصول کیلیے اسے 22 ستمبر سے اپنے ملک میں آسٹریلیا کے خلاف شروع ہونے والی 3 ون ڈے میچز کی سیریز میں کلین سوئپ کرنا ہوگا۔ اس سیریز کا پہلا میچ جمعے کو موہالی میں کھیلا جائے گا، دوسرا 24 ستمبر کو اندور اور تیسرا 26 تاریخ کو راجکوٹ میں شیڈول ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں