پیپلز پارٹی کا پی ٹی آئی سے انتخابی اتحاد ہوسکتا ہے منظور وسان

عام انتخابات میں کسی سیاسی جماعت کو اکثریت حاصل نہیں ہوگی، ایم کیو ایم کا حلقہ بندیوں کے حوالے سے واویلا بلا جواز ہے

(فوٹو : فائل)

پیپلز پارٹی کے رہنما منظور وسان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کا تحریک انصاف سے انتخابی اتحاد ہوسکتا ہے۔

الیکشن کمیشن اسلام آباد کے دفتر آمد پر انہوں نے الیکشن کمیشن کے ممبر سندھ نثار درانی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پیپلز پارٹی کی طرف سے عام انتخابات اور حلقہ بندیوں سے تجاویز دی گئیں۔


ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کا حلقہ بندیوں کے حوالے سے واویلا بلا جواز ہے، سندھ میں اعلی عہدے دار ان ہی میں سے ہیں، ایم کیو ایم کا وطیرہ ہے کہ تھپڑ بھی مارتی ہے اور روتی بھی ہے، ایم کیو ایم تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ ہر دور میں اقتدار میں رہی۔

انہوں نے کہا کہ عام انتخابات جنوری کے آخری ہفتے میں ہوسکتے ہیں، عام انتخابات میں کسی سیاسی جماعت کو اکثریت حاصل نہیں ہوگی، پیپلز پارٹی کا پی ٹی آئی سے انتخابی اتحاد ہو سکتا ہے تاہم پی ٹی آئی مشکل حالات میں کمزور نظر آ رہی ہے۔

سابق صوبائی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے جیلوں میں بھی جیے بھٹو کا نعرہ لگایا، آج کل مجھے نیند نہیں آرہی اس لیے سیاسی خواب نہیں دیکھے۔
Load Next Story