آئی ٹی برآمدات 10 فیصد اضافے سے 235 ملین ڈالر ہوگئیں

اضافہ جولائی کے مقابلے میں اگست میں کام کے دنوں میں اضافے کی وجہ سے ہوا، ماہرین

آئی ٹی کمپنیوں سے ڈالر میں فیس وصولی اور ٹیکسوں کی بلند شرح گروتھ میں اہم رکاوٹ قرار ۔ فوٹو : فائل

انفارمیشن ٹیکنالوجی کی برآمدات ماہانہ بنیادوں پر اگست2023 میں 10فیصد اضافے کے ساتھ بڑھ کر 235 ملین ڈالر ہوگئی ہیں تاہم یہ اضافہ جولائی کے مقابلے میں اگست میں کام کے دنوں میں اضافے یا چھٹیوں میں کمی کی وجہ سے ہوا ہے۔

وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر عمر سیف نے حال ہی میں آئی ٹی برآمدات کو 2.62 ارب ڈالر سے بڑھا کر 10 سے 20 ارب ڈالر تک پہنچانے کے عزم کا اظہار کیا ہے، اس سے قبل ان کے پیشرو امین الحق نے بھی آئی ٹی برآمدات کو 15 ارب ڈالر تک پہنچانے کے عزم کا اظہار کیا تھا تاہم آئی ٹی کی برآمدات میں کوئی خاطر خواہ اضافہ دیکھنے میں نہیں آیا۔

معاشی بحران کے سبب آئی ٹی سیکٹر کو بھی بہت سے مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، آئی ٹی کمپنیوں کو اسپیکٹرم کی الاٹمنٹ کیلیے فیس کا ڈالر میں وصول کیا جانا اور ٹیکسوں کی بلند شرح گروتھ میں اہم رکاوٹ ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ آئی ٹی برآمدات میں اضافے کیلیے سرمایہ کاری کی اشد ضرورت ہے جو کہ موجودہ مسائل کو حل کرکے اور مستحکم پالیسیوں کی موجودگی میں ہی حاصل کی جاسکتی ہے، شعبہ جاتی سطح پر دیکھا جائے تو ماہانہ بنیادوں پر ٹیلی کام برآمدات میں 12فیصد جبکہ کمپیوٹر سروسز میں 9 فیصد اضافہ ہوا۔ گزشتہ ماہ میں آئی ٹی برآمدات 12 ماہ کی اوسط 218 ملین ڈالر سے بڑھ گئی۔


یہ بھی پڑھیں: پاکستان کی آئی ٹی برآمدات 10 ارب ڈالر تک بڑھانے کا روڈ میپ پیش

ٹاپ لائن سیکیورٹیز کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق اگست میں آئی ٹی کی برآمدات میں اضافہ کام کے دنوں میں اضافے یا چھٹیوں میں کمی کی وجہ سے ہوا ہے، کمپیوٹر سروسز میں ہاورڈویئر اور سافٹ ویئر کنسلٹینسی ایکسپورٹ میں بالترتیب 21 اور 18فیصد کا متاثر کن اضافہ دیکھا گیا ہے، سالانہ بنیادوں پر آئی ٹی ایکسپورٹ میں 3 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

یہ نتائج آئی ٹی کمپنیوں کی جانب سے پاکستان بھیجے جانے والے ترسیلات زر کی بنیاد پر اخذ کیے گئے ہیں، بہت سی کمپنیاں غیر مستحکم پالیسی اور ایکسچینج ریٹ کی وجہ سے منافع پاکستان لانے کے بجائے باہر رکھنے کو ترجیح دے رہی ہیں، جو کہ اس رپورٹ میں شامل نہیں ہے، آئی ٹی منسٹر کے مطابق آئی ٹی کمپنیاں 1سے 2 ارب ڈالر کا سرمایہ باہر رکھے ہوئے ہیں۔

رواں مالی سال کے ابتدائی دو ماہ کے دوران آئی ٹی برآمدات 5 فیصد اضافے کے ساتھ 449 ملین ڈالر رہی ہیں، اگست میں نیٹ آئی ٹی ایکسپورٹ ماہانہ بنیادوں پر 7 فیصد اور سالانہ بنیادوں پر 3 فیصد اضافے کے ساتھ 204 ملین ڈالر رہی ہے، رواں مالی سال کے ابتدائی دو ماہ کے دوران نیٹ آئی ٹی ایکسپورٹ سالانہ بنیادوں پر 4 فیصد اضافے سے بڑھ کر 394 ملین ڈالر ہوگئی ہے۔
Load Next Story