ائرپورٹس پر طیاروں کو پرندوں سے بچانے کیلیے خودکار نظام نصب کرنے کا فیصلہ
سول ایوی ایشن نے اسلام آباد، کراچی اور لاہور کے بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر نظام کی تنصیب کیلیے درخواستیں طلب کرلیں
ملکی ہوائی اڈوں پر طیاروں کو پرندوں سے بچانے کے لیے خودکار نظام نصب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
سول ایوی ایشن نے ملک کے 3 بڑے بین الاقوامی ائرپورٹس پر پرندوں سے طیاروں کو بچانے کے لیے جدید خودکار نظام نصب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں سی اے اے نے درخواستیں طلب کرلی ہیں جب کہ ٹینڈر 28 ستمبر کو کھولے جائیں گے۔
طیاروں اور فضائی سفر کو پرندوں سے محفوظ بنانے کے لیے پہلے مرحلے میں اسلام آباد انٹر نیشنل ائرپورٹ، جناح انٹر نیشنل ائرپورٹ کراچی اور علامہ اقبال انٹر نیشنل ائرپورٹ لاہور پر جدید خودکار نظام نصب ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق کراچی اور لاہور ائرپورٹس کے اطراف کی آبادیوں میں گندگی کے باعث پرندے ائرپورٹ کی طرف راغب ہوتے ہیں۔ پرندوں کی تعداد میں اضافہ محفوظ ہوائی سفر کے لیے چیلنج ہے۔