بغیر ویزا آنیوالی افغان خاتون کیخلاف کیس خارج آئین سیاسی پناہ کا حق دیتا ہے عدالت

خاتون جان پچانے پاکستان آئی تھی، آسٹریلیا کی حکومت ویزا دے چکی ہے، جانے کا اجازت نامہ جاری کیا جائے، عدالت کا حکم


ویب ڈیسک September 20, 2023
(فوٹو: فائل)

ہائی کورٹ نے بغیر ویزا آنے والی افغان خاتون کے خلاف کیس خارج کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئین سیاسی پناہ کا حق دیتا ہے۔

افغان خاتون کے پاس پاکستانی ویزا نہ ہونے کے الزام کے تحت درج مقدمہ خارج کرتے ہوئے اسلام آباد ہائی کورٹ نے ریمارکس دیے کہ آئین پاکستان سیاسی پناہ یا اسائلم کے حق کو تسلیم کرتا ہے۔

جسٹس بابر ستار نے بغیر ویزا پاکستان آنے والی افغان خاتون راحیل عزیزی کے خلاف فارنرز ایکٹ کے تحت درج مقدمے کے خلاف درخواست پر تفصیلی فیصلہ جاری کردیا، جس میں عدالت نے سیکرٹری داخلہ کو خاتون کو آسٹریلیا جانے کے لیے اجازت نامہ دینے کا حکم جاری کیا۔ عدالت نے 9 ماہ جیل میں رہنے والی خاتون کے خلاف درج مقدمہ بھی خارج کردیا۔

تفصیلی فیصلے میں عدالت نے کہا کہ سیاسی پناہ یا اسائلم کے متلاشی افراد کو جیل نہیں بھیجا جا سکتا۔ طالبان کے حکومت سنبھالنے کے بعد راحیل عزیزی کی جان کو افغانستان میں خطرات لاحق تھے۔ خاتون جان پچانے کے لیے پاکستان آئی تھی۔ اسی بنیاد پر افغان خاتون کو آسٹریلیا کی حکومت ویزا دے چکی ہے۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں درج مقدمے کی وجہ سے افغان خاتون آسٹریلیا نہیں جاپائی ۔ اس صورتحال میں راحیل عزیزی کیخلاف فارنرز ایکٹ کے تحت مقدمہ نہیں چلایا جاسکتا ۔ سیکرٹری داخلہ خاتون کو آسڑیلیا جانے کے لیے اجازت نامہ دیں۔

واضح رہے کہ افغانستان سے آنے والی خاتون کیخلاف ایف آئی اے نے سیکشن 14 فارنرز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں