ڈکیتی اور رینجرز سے مقابلے کے دوران شہری کے قتل کے مقدمے میں ملزم کوعمرقید
دالت نے ملزم احسان کو 3 لاکھ 10 ہزار روپے جرمانہ بھی ادا کرنے کا حکم دیا
انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے ڈکیتی اور رینجرز سے مقابلے کے دوران شہری کے قتل کے مقدمے میں ملزم کو عمر قید کی سزا کا حکم دیدیا۔
کراچی سینٹرل جیل میں انسداد دہشتگردی کمپلیکس میں خصوصی عدالت نمبر 5 نے ڈکیتی اور رینجرز سے مقابلے کے دوران شہری کے قتل کے مقدمے کا فیصلہ سنادیا۔
استغاثہ جرم ثابت کرنے میں کامیاب رہا۔ عدالت نے ملزم احسان الہی کو عمر قید کی سزا سنادی۔ عدالت نے ملزم احسان کو 3 لاکھ 10 ہزار روپے جرمانہ بھی ادا کرنے کا حکم دیا۔
عدالت نے ملزم کو مقتول شہری ربنواز کے ورثا کو 2 لاکھ بطور ہرجانہ ادا کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔ عدالت نے ملزم کے مفرور ساتھی قدیر عرف شوبان کے دائمی وارنٹ جاری کردیے۔
استغاثہ کے مطابق ملزم احسان کو رینجرز اہلکاروں نے ڈکیتی کے دوران مقابلے کے بعد زخمی حالت میں گرفتار کیا تھا۔ مقابلے کے دوران ملزمان کی فائرنگ سے شہری جاں بحق جبکہ رینجرز اہلکار طارق زخمی ہوا تھا۔
ملزمان کیخلاف مقدمہ 2019 میں رینجرز اہلکار کی مدعیت میں تھانہ فیروز آباد میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔