ورلڈ کپ اسکواڈ میں عماد کی شمولیت کا مطالبہ زور پکڑ گیا

جب پیسرز ناکام ہوں تو اسپنرز نئی گیند کے ساتھ کارآمد ثابت ہوسکتے ہیں، شاہد آفریدی

فوٹو : افغان کرکٹ بورڈ

ورلڈ کپ اسکواڈ میں عماد وسیم کی شمولیت کا مطالبہ زور پکڑ گیا، سابق اسٹار آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی کا کہنا ہے کہ جب فاسٹ بولرز ناکام ہو رہے ہوں تو اسپنر نئی گیند کے ساتھ کارآمد ثابت ہو سکتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق سابق پاکستانی کپتان شاہد خان آفریدی نے آئندہ ماہ شیڈول ورلڈ کپ کے لیے بہترین 15 کھلاڑیوں کے نام ظاہر کر دیے، جنھیں وہ سمجھتے ہیں کہ اسکواڈ کا حصہ ہونا چاہیئں۔

ایک انٹرویو میں انھوں نے چند ایسے کھلاڑیوں کے نام لیے جو کچھ عرصے سے ٹیم کا حصہ نہیں تھے، خاص طور پر آل راؤنڈر عماد وسیم، فاسٹ بولر حسن علی اور ارشد اقبال کا تذکرہ کیا، عماد کے بارے میں آفریدی نے کہا کہ وہ نئی گیند کے ساتھ کارآمد ثابت ہوسکتے ہیں۔

مزید پڑھیں: ورلڈکپ؛ پاکستان کے وارم اَپ میچز کب اور کہاں ہوں گے؟


انہوں نے کہا کہ ہمیں 2 طرح کی پچز کھیلنے کو ملیں گی، سیمنگ ٹریک یا پھر فلیٹ پچ ہوگی، ہمارے پاس پہلے ہی اسپنرز موجود ہیں لیکن اگر کوئی فاسٹ بولر بہتر بولنگ نہیں کر پا رہا اور پٹائی ہونے لگے تو پھر عماد وسیم جیسے بولر کی ضرورت ہوتی ہے، وہ نئی گیند کے ساتھ کافی خطرناک بولر ہیں، میں نے عماد کی بیٹنگ دیکھی اور مجھے ان پر کافی اعتماد ہے۔

مزید پڑھیں: ورلڈکپ؛ ہوم ایڈوانٹیج آئی سی سی کی نظروں میں کھٹکنے لگا

شاہد آفریدی نے کہا کہ عماد نے کچھ بہترین اننگز کھیلی ہیں، وہ کافی سینیئر اور جانتے ہیں کہ کیسے دباؤ کا سامنا کرنا ہے، عماد ذہنی طور پر کافی مضبوط اور بہت زیادہ کرکٹ کھیل چکے ہیں۔

سابق کپتان شاہد آفریدی نے ارشد اقبال کی متاثر کن بولنگ صلاحیتوں کو بھی سراہا۔ انھوں نے کہا کہ ارشد کے پاس بہترین صلاحیتیں موجود ہیں۔ وہ جارحانہ انداز اور مضبوط پیس کے ساتھ بولنگ کرتے ہیں۔ شاہد آفریدی کے تجویز کردہ اسکواڈ میں کپتان بابراعظم، نائب کپتان شاداب خان، فخر زمان، امام الحق، سلمان علی آغا، افتخار احمد، محمد رضوان، سعود شکیل، عماد وسیم، شاہین آفریدی، حارث رؤف، اسامہ میر، زمان خان، ارشد اقبال اور حسن علی شامل ہیں۔
Load Next Story