کراچی سابق ٹاؤن ناظم سمیت10افراد ہلاک گلستان جوہر میں متحدہ کے آفس پر دستی بم حملہ

ڈاکٹر پرویزکونارتھ ناظم آباد میں نشانہ بنایاگیا،ساتھی بھی ماراگیا،امیر جماعت اسلامی منورحسن کی جانب سے شدید مذمت


Staff Reporter September 18, 2012
ڈاکٹر پرویزکونارتھ ناظم آباد میں نشانہ بنایاگیا،ساتھی بھی ماراگیا،امیر جماعت اسلامی منورحسن کی جانب سے قتل کی شدید مذمت۔ ڈاکٹر پرویز محمود۔ فوٹو : ایکسپریس

کراچی میں فائرنگ سے لیاقت آبادکے سابق ٹائون ناظم ڈاکٹرپرویزمحمودسمیت 10افراد ہلاک ہوگئے۔

گلستان جوہرمیں متحدہ قومی موومنٹ کے آفس پردستی بم سے حملہ کیاگیا بم پھٹنے سے 5افراد زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق نارتھ ناظم آباد کے علاقے کے ڈی اے چورنگی کے قریب 2 موٹر سائیکلوں پرسوار 4 نامعلوم ملزمان کی کار نمبر Z-6767 پر اندھا دھند فائرنگ سے کار میں سوار50 سالہ ڈاکٹر پرویز محمود جاں بحق جبکہ ان کے ساتھی 48 سالہ خلیق اﷲ زخمی ہو گئے جنہیں عباسی اسپتال پہنچایا گیا جہاں خلیق اﷲ بھی جاں بحق ہو گئے ۔

مقتول ڈاکٹر پرویز جماعت اسلامی کے رہنمااورلیاقت آباد کے سابق ٹاؤن ناظم تھے مقتول 2002 سے 2007 تک ٹاؤن ناظم رہے، مقتول ناظم آباد عباسی شہید اسپتال کے قریب رہائش پزیر تھے،ڈاکٹر پرویز محمود ایک بیٹی کے باپ تھے، جماعت اسلامی کے ترجمان سرفراز نے ایکسپریس کو بتایا کہ مقتول کو گزشتہ کئی دنوں سے قتل کی دھمکیاں مل رہی تھیں۔

ڈاکٹر پرویزمحمودکی ہلاکت کی اطلاع پرجماعت اسلامی کے رہنماؤں اورکارکنوں کی بڑی تعداد عباسی اسپتال پہنچ گئی،گارڈن کے علاقے شو مارکیٹ ، باغ ہالار اور رام سوامی سے3 نوجوانوں کی لاشیں ملیں جنہیں نامعلوم ملزمان نے اغوا کر کے ہاتھ پاؤں باندھ کر تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد سر پر گولیاں مار کر ہلاک کیا، مقتولین کی شناخت شیراز ولد لیاقت ، شفیع بلوچ ولد سعید بلوچ اور ظفر بلوچ ولد مشتاق بلوچ کے نام سے کر لی گئیں ۔

ہلاک ہونے والے تینوں دوست اور لیاری چاکیواڑہ کے رہائشی تھے،نپیئر تھانے کی حدود صدیق وہاب روڈ سریا گلی سے سلمان کچھی ولد سلیم کچھی کی پھندا لگی لاش ملی،الفلاح کے علاقے گرین ٹاؤن میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے دودھ فروش21 سالہ ذیشان ولد عبد الغفار ہلاک ہو گیا،گرین ٹاؤن میں نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے 35 سالہ ثمینہ زخمی ہوگئی۔

گلستان جوہربلاک17 اقراء اپارٹمنٹ کے فرسٹ فلور پر واقعے متحدہ قومی موومنٹ کے آفس پر نامعلوم افراد نے دستی بم پھینکا جو ایک دھماکے سے پھٹ گیاجس کے نتیجے میں وہاں موجودسلمان علی،ارتضیٰ ، ظفر اﷲ اور امتیاز سمیت5 افراد زخمی ہو گئے۔

واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی،شاہ فیصل کالونی گیٹ فورٹ سلطان بلڈنگ کے قریب 32 سالہ فرحان کو موٹر سائیکل پر سوار نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا،اورنگی ٹاؤن سیکٹر ساڑھے گیارہ محمدمصطفٰی کالونی رحمت چوک کے قریب ٹارگٹ کلنگ کی واردات میں موٹرسائیکل سوار 2 ملزمان نے کار پر فائرنگ کردی۔

جس کے نتیجے میں 45 سالہ ڈاکٹر شہزاد شدید زخمی ہوگئے جنھیں عباسی اسپتال لے جایاجارہا تھا کہ وہ راستے میں دم توڑگیے ،گارڈن کے علاقے رامسوامی پٹرول پمپ والی گلی کے قریب سے بوری میں بند نامعلوم شخص کی ہاتھ پاؤں بندھی ہوئی لاش ملی،راشد منہاس روڈ میلینیئم شاپنگ مال کے سیکیورٹی گارڈ ضمیر شیخ کو نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کر کے زخمی کر دیا۔

کورنگی چکرا گوٹھ میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 30 سالہ کلیم اﷲ زخمی ہوگیا۔شریف آباد کے علاقے غریب آباد میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 40 سالہ کلیب ولد طیب اور 30 سالہ ریاض ولد عبد الرحمٰن زخمی ہو گئے جنہیں طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال پہنچایا گیا ،دریں اثناء امیر جماعت اسلامی سید منور حسن نے ڈاکٹر پرویز محمود کے قتل پر شدید مذمت کرتے ہوئے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |