اسلام آباد رانگ سائیڈ سے روکنے پر نوجوان اور ٹریفک پولیس میں جھگڑا

شہری کو گریبان سے گھسیٹتے ہوئے پولیس گاڑی میں بٹھایا گیا


ویب ڈیسک September 21, 2023
وردی پھاڑنے پر ٹریفک پولیس اہلکار شہری کو پکڑ کر گاڑی میں بٹھا رہے ہیں۔ فوٹو : اسکرین گریب

وفاقی دارالحکومت میں تھانہ کوہسار کی حدود میں رانگ سائیڈ سے روکنے پر نوجوان اور ٹریفک پولیس میں جھگڑا جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

ٹریفک پولیس اہلکاروں اور شہری کے درمیان تلخ کلامی ہوئی جس کے بعد شہری کو ٹریفک اہلکاروں نے تشدد کا نشانہ بنایا، شہری کو گریبان سے گھسیٹتے ہوئے پولیس گاڑی میں بٹھایا گیا۔

شہری کے ساتھ موجود خاتون پولیس اہلکاروں سے معافیاں مانگتی رہی لیکن ٹریفک پولیس نے ایک نہ سنی۔ ٹریفک اہلکاروں نے متعلقہ تھانے کی پولیس بلا کر شہری کو گرفتار کروا دیا۔



ویڈیو بناتے شخص سے گفتگو کرتے ہوئے اہلکار نے بتایا کہ گرفتار نوجوان نے ہماری وردی پھاڑی اس لیے اس کو گرفتار کروایا ہے، نوجوان نے چالان کے بعد پولیس اہلکار کی وردی پھاڑ دی جس پر جھگڑا ہوا۔

ٹریفک پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ڈی ایس پی لیول کا افسر معاملے کی انکوائری کر رہا ہے، گرفتار کیا گیا نوجوان رانگ سائڈ سے آرہا تھا، اسے ٹریفک اہلکار نے روکا تو پہلے اس نے بدتمیزی کی پھر اہلکار کی وردی پھاڑی۔

پولیس کے مطابق ملزم کو متعلقہ تھانہ کے حوالے کر دیا ہے جہاں اس پر مقدمہ ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں