ورلڈ کپ کیلئے پاکستان کے اسکواڈ کا اعلان آج ہوگا

ذکا اشرف کی زیرصدارت اجلاس میں بابراعظم سمیت دیگر کی شرکت

(فوٹو: ٹوئٹر)

آئی سی سی ورلڈکپ کیلئے پاکستان کے اسکواڈ کا اعلان جمعہ کی صبح 11:15 بجے کیا جائے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی منیجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف کی زیرصدارت بدھ کو اجلاس ہوا جس میں ٹیم ڈائریکٹر مکی آرتھر، کوچنگ اسٹاف، کپتان بابراعظم، نائب کپتان شاداب خان اور سابق کپتانوں انضمام الحق، مصباح الحق اور محمد حفیظ نے شرکت کی۔

اجلاس میں سری لنکا میں منعقدہ ایشیا کپ میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کی کارکردگی کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔ چیف سلیکٹر انضمام الحق نے اپنی آرا سے آگاہ کیا۔ اس جائزے کی تکمیل کے بعد انضمام الحق نے پاکستانی ٹیم کی سلیکشن کو حتمی شکل دے دی ہے اور آئی سی سی ورلڈ کپ کے لیے پاکستانی ٹیم کا اعلان جمعہ کی صبح سوا گیارہ بجے کردیا جائے گا۔

اس ملاقات میں پاکستانی ٹیم کے مکمل کوچنگ اسٹاف کو مدعو کیا گیا تھا جس میں ہیڈ کوچ گرانٹ بریڈ برن۔ بیٹنگ کوچ اینڈریو پیوٹک اور بولنگ کوچ مورنے مورکل شامل تھے تاکہ وہ ٹیم کی حالیہ کارکردگی کے بارے میں اپنی رپورٹ پیش کرسکیں۔ اس جائزہ اجلاس میں ڈاکٹر سہیل سلیم بھی شریک تھے جنہوں نے کھلاڑیوں کی انجریز اور ان کی ری ہبلیٹیشن کے بارے میں بریفنگ دی۔
Load Next Story