ایشیاکپ سری لنکا کی بدترین شکست پر تحقیقات کا مطالبہ

میچ چند گھنٹوں میں ختم ہوگیا، کوئی سیاسی عمل دخل تو نہیں تھا،رکن پارلیمنٹ

میچ چند گھنٹوں میں ختم ہوگیا، کوئی سیاسی عمل دخل تو نہیں تھا،رکن پارلیمنٹ۔ فوٹو: گیٹی

ایشیاکپ فائنل میں سری لنکا کی بھارت کے ہاتھوں بدترین شکست کی تحقیقات کا مطالبہ سامنے آگیا۔

ایشیاکپ فائنل میں میزبان سری لنکن ٹیم صرف 50رنز پر ڈھیر ہونے کے بعد 10وکٹ سے شکست کا شکار ہوگئی تھی، کوئی بھی کسی میگا ایونٹ میں اس طرح کے فیصلہ کن معرکے کی توقع نہیں کررہا تھا۔

میڈیا کانفرنس میں ایک صحافی نے سری لنکا میں اپوزیشن سے تعلق رکھنے والے رکن پارلیمنٹ تیسا اتا نائیکے سے پوچھا کہ میزبان ٹیم کی اس انداز میں ہار کیا کسی سیاسی عمل کا نتیجہ تھی کہیں بھارتی وزیر اعظم نریندرا مودی کو سالگرہ کا تحفہ تو پیش نہیں کردیا گیا۔


یہ بھی پڑھیں: بھارت نے سری لنکا کو شکست دیکر ایشیا کپ جیت لیا

جواب میں انھوں نے کہا کہ فائنل میں ہر کوئی میزبان ٹیم کی جانب سے بھرپور مقابلے کی توقع کررہا تھا مگر ایسا کچھ بھی دیکھنے میں نہیں آیا، میچ چند گھنٹے میں ہی ختم ہوگیا،میں اس عبرتناک شکست کے بارے میں زیادہ وضاحت نہیں کرنا چاہتا کیونکہ کھلاڑیوں کا مورال گر جائے گا،البتہ اس بات کی چھان بین ضرورہونا چاہیے کہ کہیں اس بدترین ناکامی میں کوئی سیاسی عمل دخل تو نہیں تھا۔

انھوں نے کہا کہ حال ہی میں پبلک اکاؤنٹ کمیٹی نے مالی بے ضابطگیوں پر باز پرس کیلیے اسپورٹس منسٹری کے عہدیداروں کو طلب کیا تھا، کلینوچی میں ایک اسٹیڈیم کی تعمیر پر کروڑوں کی لاگت بتائی گئی تھی مگر اس کے اخراجات کی بیلنس شیٹ ہی فراہم نہیں کی گئی،کیا ہم توقع کرسکتے ہیں کہ وزارت کھیل ایشیا کپ فائنل میں بھارت کے ہاتھوں حیران کن شکست کی تحقیقات کرے گی؟
Load Next Story