ڈالرز آئے فٹنس گئی لیگز نے کرکٹرز کو تھکا دیا

ایسے ایونٹس میں کھلاڑیوں کی متواتر شرکت قومی ٹیم کی شکستوں کا سبب قرار

بینچ پاور کو مضبوط بنانے پر توجہ دی جائے گی (بورڈ) سابقہ مینجمنٹ نے لیگز کھیلنے کی اجازت دی، ذکا اشرف۔ فوٹو: فائل

ڈالرز آئے فٹنس گئی، لیگز نے کرکٹرز کو تھکا دیا جب کہ ایسے ایونٹس میں کھلاڑیوں کی متواتر شرکت قومی ٹیم کی شکستوں کا سبب قرار دے دی گئی۔


پی سی بی کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف کی بدھ کو ویڈیو لنک پر ٹیم ڈائریکٹر مکی آرتھر،مصباح الحق، شاداب خان و لاہور میں موجود ہیڈ کوچ گرانٹ بریڈ برن، بیٹنگ کوچ اینڈریو پیوٹک، بولنگ کوچ مورنے مورکل، کپتان بابراعظم اور محمد حفیظ سے بات چیت میں ایشیا کپ میں پاکستان ٹیم کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پر ڈاکٹر سہیل سلیم نے کھلاڑیوں کی انجریز اور بحالی فٹنس کے بارے میں بریفنگ دی، حالیہ کارکردگی، کھلاڑیوں کی فٹنس اور مستقبل کی منصوبہ بندی کو پیش نظر رکھتے ہوئے بہتری لانے پر غور کیا گیا،شرکا نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پلیئرز پر کام کے بوجھ کے حوالے سے بہتر حکمت عملی تیار کی جائے، انجریز کی صورت میں خلا پْرکرنے کیلیے بینچ پاور کو مضبوط بنایا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: لیگز کیلیے این او سی پالیسی میں بڑی تبدیلی متوقع

ذکا اشرف کا کہنا ہے کہ اس جائزے کا مقصد یہ تھا کہ تعمیری ماحول میں کھل کر بات کرتے ہوئے کسی متفقہ رائے تک پہنچا جائے، مسائل کی نشاندہی ہو اور حل بھی تلاش کیا جائے،خوبیوں اور کمزوریوں پر گفتگو کے بعد ہم بالکل واضح ہیں کہ ٹیم کی بہتری کیلیے کہاں کیا کرنا ہے۔


انھوں نے کہا کہ تمام بات چیت سے یہ بات سامنے آئی کہ سابقہ مینجمنٹ نے کئی کرکٹرز کو ٹی ٹوئنٹی لیگز کھیلنے کی اجازت دے رکھی تھی،اس وجہ سے وہ قومی ذمہ داری ادا کرنے سے قبل ہی تھکاوٹ کا شکار ہوگئے، اب ہم نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ کھلاڑیوں پر کام کے بوجھ سے نمٹنے اور قومی ذمہ داریوں کو مقدم رکھنے کیلیے فعال حکمت عملی ترتیب دی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: گڑے مردے اُکھاڑ کر ٹیم کی کارکردگی کا پوسٹ مارٹم

ذکا اشرف نے کہا کہ اس بات کی خوشی ہے کہ یہ ریویو سیشن مثبت رہا اور ہم سب ایک صفحے پر ہیں، ایشیا کپ میں غلطیوں سے سیکھنے کا موقع ملا، یہ عمل ورلڈ کپ کی تیاری میں مددگار ثابت ہوگا، ٹیم میں صلاحیت موجود ہے، ہمارے پاس ورلڈ کلاس بیٹرز اور بولرز ہیں،مجھے یقین ہے کہ گرین شرٹس اعلیٰ سطح پر کسی بھی حریف سے مقابلے کی اہلیت رکھتے ہیں،پی سی بی کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف کو تمام ضروری سہولتیں اور وسائل فراہم کررہا ہے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ ٹیم میگا ایونٹ میں بہترین فارم میں نظر آئے۔

دریں اثنا پی سی بی کی میڈیا ریلیز کے مطابق چیف سلیکٹر انضمام الحق بدھ کو میڈیکل ایمرجنسی کی بنا پر اجلاس میں شریک نہیں ہوسکے تھے۔

گزشتہ روز انھوں نے ذکا اشرف سے ملاقات میں اپنی آرا سے آگاہ کیا،ریویو کی تکمیل کے بعد انضمام نے ورلڈکپ اسکواڈ کو حتمی شکل دے دی، اعلان جمعے کی صبح سوا 11بجے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں میڈیا کانفرنس میں کردیا جائے گا۔انجرڈنسیم شاہ باہر ہوگئے،حسن علی کی شمولیت متوقع ہے۔
Load Next Story