کراچی میں ڈکیتوں نے ہوٹل پر بیٹھے درجنوں شہریوں کو لوٹ لیا
تین موٹر سائیکلوں پر پانچ ڈکیت آئے اور سب سے سامان چھین کر فرار ہوگئے، پولیس کو 15 گھنٹے کے بعد ہوش آیا
شہر قائد کے علاقے شاہراہ قائدین پر واقع چائے کے ہوٹل پر بیٹھے درجنوں افراد کو پانچ ڈکیتوں نے یرغمال بنا کر موبائل اور نقدی سے محروم کردیا۔
تفصیلات کے مطابق جمعرات کی شپ شاہراہ قائدین پر ایک اورچائے کا ہوٹل لٹ گیا، جہاں بیٹھے متعدد شہریوں سے پانچ ڈکیٹوں نے موبائل فونز،نقدی اوردیگراشیا چھینی اور پھر فرار ہوگئے۔
متاثرہ شہری کے مطابق ملزمان نے درختوں کی آڑ میں کھڑے ہوکر تمام لوگوں کو لوٹا اور پھر چھینا گیا مال بیگ میں ڈال کر سکون سے فرار ہوگئے۔
پولیس واردات سے متعلق 15 گھنٹے سے زائد وقت تک لا علم رہی تاہم ہوٹل پر شہریوں سے لوٹ مارکی خبر ٹی وی چیلنز پر نشر ہونے پر پولیس کی دوڑیں لگیں اور پھر فیرز آباد تھانے کی نفری نے ہوٹل پہنچ کر معلومات اکھٹی کیں۔
متاثرین کے مطابق تین موٹر سائیکلوں پر پانچ ڈکیتوں آئے اور انہوں نے اسلحے کے زور پر سب کو لوٹا۔ ڈکیتوں کے ہاتھوں لٹنے والا ایک متاثرہ شہری ارشد فیروزآباد تھانے پہنچ گیا،پولیس نے متاثرہ شہری ارشد کی مدعیت میں ہوٹل کے باہرشہریوں سے ہونےوالی لوٹ مارکی واردات کا مقدمہ درج کرلیا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی شہرکے مختلف علاقوں شفیق موڑ،نارتھ ناظم آباد،کریم آباد مینا بازار،ابوا لحسن اصفہانی روڈ، یونیورسٹی روڈ سمیت دیگرعلاقوں میں چائے کے ہوٹل پر وارداتیں ہوچکی ہیں اور پولیس صرف چند ایک ہی واردات میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرنے میں کامیاب ہو سکی ہے جبکہ زیادہ تر وارداتوں میں ملوث ملزمان تاحال فرار ہیں۔