ایشین گیمز پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کو سیمی فائنل میں سری لنکا کے ہاتھوں شکست

دفاعی چیمپیئن ٹیم کانسی کے تمغے کے لیے بنگلا دیش کے خلاف میچ کھیلے گی


Sports Desk September 24, 2023
فوٹو : ٹویٹر

دفاعی چیمپیئن خواتین کرکٹ ٹیم کو چین کے شہر ہانگزو میں ہونے والے 19 ویں ایشین گیمز کے کرکٹ سیمی فائنل میں سری لنکا کے خلاف 6 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

اسطرح، اب اسے پیر کے روز بنگلا دیش کی خواتین کرکٹ ٹیم کے خلاف کانسی کے تمغے کے لیے مقابلہ کرنا ہوگا جبکہ فائنل بھارت اور سری لنکا کے درمیان کھیلا جائے گا۔

اتوار کے روز کھیلے گئے سیمی فائنل میں سری لنکا ویمنز نے ٹاس جیت کر پاکستان ویمنز کو بیٹنگ دی تاہم پاکستان ویمنز ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر75 رنز بنانے میں کامیاب ہوسکی۔ سری لنکا ویمنز نے 16.3 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ اسکور پورا کرلیا۔

پاکستان ویمنز کی طرف سے شوال ذوالفقار ایک چوکے کی مدد سے 16 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہیں۔ منیبہ علی نے 13 اور عمائمہ سہیل نے 10 رنز اسکور کیے۔ یہی تین کھلاڑی ڈبل فگرز میں داخل ہوسکیں۔ کپتان ندا ڈار9 ،عالیہ ریاض 2 اور سدرہ امین 3 رنز بنا پائیں۔

سری لنکا کی طرف سے 38 سالہ لیفٹ آرم میڈیم پیسر اودیشیکا پرابودھانی نے 21 رنز دے کر3 وکٹیں حاصل کیں۔

سری لنکا کی پہلی وکٹ 17 کے مجموعی اسکور پر گری جب کپتان اتاپتو14 رنز بنا کر سعدیہ اقبال کی گیند پر ڈیانا بیگ کے ہاتھوں کیچ ہوگئیں۔ انوشکا سنجیووانی کو15 رنز پر ڈیانا بیگ نے آؤٹ کیا۔ آؤٹ ہونے والی تیسری بیٹر وشمی گونارتنے تھیں جو بغیر کوئی رن بنائے ام ہانی کی گیند پر اسٹمپڈ ہوئیں۔

ہارشیتھا سمارا وکرما اور نیلاکشی ڈی سلوا کی شراکت میں بننے والے 35 رنز نے سری لنکا کی جیت ممکن بنا دی۔ سمارا وکرما 23 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئیں۔ ڈی سلوا ایک چھکے کی مدد سے 18 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں