عمران خان کے بغیر کوئی بھی الیکشن غیرآئینی ہوگا تحریک انصاف

انوارالحق کاکڑ اپنی حکومت کو جمع تفریق کے شرانگیز منصوبوں سے مکمل الگ کریں، ترجمان پی ٹی آئی


ویب ڈیسک September 24, 2023
انوارالحق کاکڑ اپنی حکومت کو جمع تفریق کے شرانگیز منصوبوں سے مکمل الگ کریں، ترجمان پی ٹی آئی

نگران وزیراعظم کے چیئرمین عمران خان کے بغیر منصفانہ انتخابات کے حوالے سے بیان پر پاکستان تحریک انصاف نے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

ترجمان تحریک انصاف نے کہا کہ نگران وزیراعظم کا بیان آئین و جمہوریت اور ملکی مفادات کے حوالے سے ریاستی ڈھانچے میں پائی جانے والی عدم حساسیت کا مظہر ہے، تحریک انصاف پاکستان کی سب سے بڑی سیاسی جماعت اور عمران خان مقبول ترین سیاسی قائد ہیں، نگران وزیراعظم کو معلوم ہونا چاہئے کہ عمران خان یا تحریک انصاف کی شمولیت کے بغیر کروایا گیا کوئی بھی الیکشن غیرآئینی، غیرقانونی اور غیراخلاقی ہوگا جسے عوام ہرگز قبول نہیں کریں گے۔

ترجمان تحریک انصاف نے کہا کہ غیرمعمولی عوامی تائید کی حامل سیاسی قیادت اور جماعتوں کو مصنوعی، غیرجمہوری اور غیرآئینی طریقوں سے انتخاب سے باہر کرنے کے نتائج ہمیشہ تباہ کن ہوا کرتے ہیں، دستور، قانون، جمہوریت اور اخلاق نگران وزیراعظم کو سیاست و انتخاب پر اثر انداز ہونے کے کسی غیرفطری، غیرجمہوری اور غیرآئینی منصوبے کا حصہ بننے کی ہرگز اجازت نہیں دیتے۔

ترجمان تحریک انصاف نے مزید کہا کہ انوارالحق کاکڑ اپنے بیان کی فوری وضاحت کریں اور بطور نگران وزیراعظم اپنی حکومت کو جمع تفریق کے شرانگیز منصوبوں سے مکمل الگ کریں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں