علم ِفلکیات کی روشنی میں آپ کا یہ ہفتہ

25ستمبر تا 1 اکتوبر 2023


September 24, 2023
25ستمبر تا 1 اکتوبر 2023

برج حمل

سیارہ مریخ ، 21 مارچ تا20اپریل

پسند کی جگہ رشتہ طے پاسکتا ہے، لیکن آپ کا رویہ کچھ جارحانہ اور کچھ لوگوں کے لیے تکلیف دہ ہوسکتا ہے۔ من مانی کی کوشش میں ممکن ہے آپ کوئی رشتہ گنوا بیٹھیں اپنے رویے کو ایک حد تک خراب ہونے دیں۔

اس ہفتے چاند گرہن آپ کے جذبات کو بھڑکا سکتا ہے اور ممکن ہے آپ کا رویہ کچھ افراد کے لیے نامناسب ہو۔ اسی ہفتے غیرمتوقع مالی فائدہ ہوسکتا ہے۔ یہ لاٹری، کمیٹی یا ایسا ہی کوئی ذریعہ ہوسکتا ہے۔

برج ثور

سیارہ زہرہ ، 21اپریل تا 20 مئی

چاند حمل میں گرہن سے گزرے گا۔ ایسے وقت میں کسی قریبی عزیز کے تکلیف دہ رویے کی وجہ سے آپ کی نیند اور سکون غارت ہوسکتا ہے۔گھر کا ماحول خاصا کشیدہ دکھائی دے رہا ہے۔ بات توتو میں میں سے بڑھ بھی سکتی ہے۔

یہ ایسا وقت ہے کہ آپ کو ناصرف اپنے جذبات پر قابو رکھنا ہے بلکہ دوسروں کے نامناسب رویے کو بھی طریقے سے سنبھالنا ہے۔کسی شخص کے ساتھ مکان یا پلاٹ کی وجہ سے گرماگرمی کا اندیشہ موجود ہے۔

برج جوزا

سیارہ عطارد ، 21مئی تا 21 جون

شریکِ حیات کی صحت متاثر نظر آتی ہے اسپتال کا چکر لگ سکتا ہے۔ چاند گرہن آپ کی امید کو کم زور کرسکتا ہے۔ ممکن ہے کوئی مالی نقصان ہو یا کہیں سے مالی فائدے کی امید ہے تو سوفی صد پوری نہ ہوسکے۔ بچوں کے کھیل کود پر نظر رکھیں۔

کسی بچے کو خدا نہ خواستہ چوٹ نہ لگ جائے۔ایک پرانا دوست اچانک رابطے میں آسکتا ہے، ممکن ہے اس کی وجہ سے آپ اور آپ کے شریک ِحیات کے مابین کچھ گرماگرمی ہو۔

برج سرطان

سیارہ قمر ، 22جون تا 23 جولائی

چاند گرہن آپ کے کیریئر، عزت وقار اور معاشرتی پہچان کے مقام پر لگ رہا ہے۔ 29 کا یہ گرہن آپ کے لیے بہت اہم ہوسکتا ہے، کیوںکہ چاند آپ کے طالع کا مالک بھی ہے۔گویا آپ کی ذاتی شخصیت بھی اس کی زد میں آسکتی ہے۔ آپ کا تبادلہ ہوسکتا ہے یا کم ازکم آپ کا کمرا یا کرسی تبدیل ہوسکتی ہے۔ گاڑی میں ایسی خرابی سامنے آسکتی ہے کہ جسے درست کیے بنا گاڑی چلانا ممکن نہ ہوسکے گا۔

برج اسد

سیارہ شمس ، 24جولائی تا 23 اگست

سفر میں محتاط رہیں، اگر آپ کی عمر چالیس سے زیادہ ہے تو آپ کے دماغ میں سوچوں کا دباؤ آپ کے خون کے بہاؤ کو کم یا زیادہ کرسکتا ہے۔ گویا حالات میں ایسی خرابیاں چل رہی ہیں کہ غصہ آنا لازمی امر ہے۔ ایسے میں سفر میں گاڑی کی رفتار پر قابو رکھیں اور جب قریبی افراد سے اپنے امور طے کررہے ہوں تو پرسکون رہنے کی کوشش کریں۔ اس ہفتے رہائش گاہ کے سلسلے میں بھی کوئی الجھن پیدا ہوسکتی ہے۔

برج سنبلہ

سیارہ عطارد ، 24 اگست تا 23 ستمبر

آپ کے خانۂ مال میں سیارگان کی منفی روشنی پڑ رہی ہے۔ آپ کی خوراک میں اچھا فرق پڑے گا لیکن سورج، مریخ اور کیتو کی یہاں موجودگی بتاتی ہے کہ اخراجات کا گراف بہت بلند ہے۔ ایسے میں اس بات کو رد نہیں کیا جاسکتا کہ کسی نہ کسی طرح سے مالی نقصان کا اندیشہ موجود ہے۔ اپنی چیزوں کی حفاظت کریں اور کسی کے سبزباغ دکھانے میں نہ آئیں تو بہتر ہے صدقہ دیں اور دماغی طور پر حاضر رہیں۔

برج میزان

سیارہ زہرہ ، 24 ستمبر تا 23اکتوبر

آپ کی سوچیں اور کیے گئے فیصلے مناسب نہیں لگتے۔ ایسی منصوبہ بندی آپ کو یقیناً نقصان کی طرف لے جا سکتی ہے۔ آپ کا دماغ بہت زیادہ دباؤ کا شکار دکھائی دیتا ہے۔ آپ کا رویہ اور لہجہ جارحانہ اور تکلیف دہ ہوسکتا ہے۔ آپ کے کیریئر کے حوالے سے اہم فیصلے کا وقت ہورہا ہے۔ آپ کو چیلینجز کا سامنا ہوسکتا ہے۔بیرون ملک امیگریشن کے حوالے سے جو رکاوٹیں حائل تھیں ان میں کچھ کمی کی امید ہے اور راستے کھلیں گے۔

برج عقرب

سیارہ پلوٹو ، 24 اکتوبر تا 22 نومبر

آپ کا سیارہ اپنے کم زور مقام سے گزر رہا ہے۔ صحت بگڑ سکتی ہے، چوٹ لگ سکتی ہے، اسپتال جانا پڑسکتا ہے۔ کچھ دن نیند متاثر نظر آتی ہے۔ والدین کی صحت کا بھی خیال رکھیں۔ بیرون ملک امیگریشن کے لیے کوشاں افراد کو فی الحال رکاوٹ یا انکار سے دوچار ہونا پڑسکتا ہے۔ جاری معاہدے اور عوامی کاموں میں کچھ رکاوٹ ہوسکتی ہے یا ممکن ہے کوئی شخص یا ادارہ کسی وجہ سے معاہدے کی پاس داری نہ کرسکے یا اس میں ردوبدل کا خواہاں ہو۔

برج قوس

سیارہ مشتری ، 23 نومبرتا 22 دسمبر

چاند آپ کے زائچے میں نحس گھر کا مالک ہے۔ آپ کی خوشیوں کے مقام پر گرہن لگنے جارہا ہے۔ اگر آپ طالب علم ہیں تو ممکن ہے آپ کی ذہانت آپ کا ساتھ نہ دے اگر آپ محبت کے کسی سلسلے میں ہیں تو دل کا آئینہ ٹوٹ سکتا ہے۔ اگر آپ صاحبِ اولاد ہیں تو بچوں کی وجہ سے آپ کو پریشانی کا سامنا ہوسکتا ہے۔ بیرون ملک یا بزرگوں سے وابستہ امیدیں جیسا آپ چاہتے ہیں پوری نہ ہوسکیں گی۔ بزرگوں کا تعاون مشروط ہوسکتا ہے۔ آپ کے بزنس میں عارضی خرابیاں نظر آرہی ہیں۔

برج جدی

سیارہ زحل ، 23 دسمبر تا 20 جنوری

چاند آپ کے زائچے میں شریکِ حیات کا نمائندہ ہے اور یہ گرہن آپ کے آبائی گھر میں لگ رہا ہے۔ ممکن ہے خاندانی کچھ افراد کی وجہ سے آپ کے ازدواجی سلسلے کو نقصان پہنچے یا جذباتی تکلیف کا سامان ہوجائے۔ ہر رشتے کو اس کی اپنی جگہ پر رکھیں۔ کیریئر میں بڑی تبدیلی کا امکان ہے۔ باس کا رویہ تکلیف دہ ہوسکتا ہے اور ممکن ہے آپ کا تبادلہ کردیا جائے۔

برج دلو

سیارہ یورنیس ، 21 جنوری تا 19 فروری

یورنیس اور زہرہ کے مابین تربیع کے باعث آپ کے ازدواجی اور خاندانی مکان کے حوالے سے کچھ تلخیاں ہونا ممکن ہیں۔ اس ہفتے گرہن کے وقت میں بزنس یا جاب کے لیے سفر کا امکان ہے اور اس کے لیے آپ خاصے پرجوش اور جذباتی نظر آتے ہیں۔ نویں یعنی خوش بختی اور بزرگوں کے خانے میں سیاروں کی منفی حرکات وسکنات کے باعث آپ کو محتاط رہنے کی ضرورت ہے اور اپنی ذمے داریاں اچھے انداز میں نبھانے کی ضرورت ہے ۔ بیرون ملک سے کوئی اہم شخصیت آپ کے رابطے میں آسکتی ہے۔

برج حوت

سیارہ نیپچون ، 20 فروری تا 20 مارچ

چاند آپ کے زائچے میں آپ کے انعام کے خانہ کا مالک ہے۔ اسے آپ کے خانۂ مال میں گرہن لگنے جارہا ہے۔ اس بات کا اندیشہ ہے کہ فائدہ ہوتے ہوتے رہ جائے۔ چیزیں ہاتھ آتے آتے ہاتھ سے پھسل سکتی ہیں۔ آپ کو سسرال سے کوئی شکایت ہوسکتی ہے۔ اس وقت میں آپ کو انتہائی دانش مندی سے کام لینا ہوگا، تاکہ کسی بڑے نقصان سے بچا جاسکے۔ آپ کی صحت بھی متاثر ہوسکتی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں