پاکستان اور بھارتی کرکٹ بورڈ کے درمیان دو طرفہ سیریز کے معاہدے پر دستخط

2015 سے 2023 کے درمیان دونوں ملکوں کی ٹیموں کے مابین 14 ٹیسٹ ، 30 ون ڈے اور 12 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جائیں گے،پی سی بی


ویب ڈیسک May 14, 2014
پاکستان اوربھارت کے درمیان 2 ٹی ٹوئنٹی اور3 ون ڈے میچز کی آخری سیریز22 دسمبر2012 سے بھارت میں کھیلی گئی۔ فوٹو: بی سی سی آئی

پاکستان اوربھارت کےدرمیان دو طرفہ کرکٹ کی بحالی پراتفاق ہوگیا اور دونوں ممالک کی کرکٹ ٹیموں کے مابین 2015 سے 2023 کے درمیان کرکٹ سیریز کھیلی جائیں گی۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق پی سی بی اور بی سی سی آئی کے درمیان کرکٹ معاہدے پر دستخط ہوئے ہیں جس کے تحت پاکستان اور بھارت کے درمیان 8 سال کے دوران 14 ٹیسٹ، 30 ون ڈے اور 12 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جائیں گے، معاہدے کے مطابق 6 سیریز میں 4 کی میزبانی پاکستان جبکہ 2 سیریز کی میزبان بھارت کے حصے میں آئے گی۔


معاہدے کے تحت 4 سیریز کی میزبانی پاکستان ہوم گراؤنڈ پر کرے گا تاہم پاکستان میں عالمی کرکٹ کی پابندی کے بعد پاک بھارت سیریز کس ملک میں ہوگی اس کا فیصلہ پی سی بی کو کرنا ہے تاہم پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد کا کہنا ہے کہ بھارت کے خلاف پاکستان اپنی سرزمین پر پہلی سیریز کا انعقاد چاہتا ہے تاہم سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر سیریز متحدہ عرب امارات بھی منتقل کی جاسکتی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان اوربھارت کے درمیان 2 ٹی ٹوئنٹی اور3 ون ڈے میچز کی آخری سیریز22 دسمبر2012 سے 6 جنوری 2013 تک بھارت میں کھیلی گئی جس میں ٹی ٹوئنٹی سیریز 1-1 سے برابررہی اور ون ڈے سیریز میں پاکستان نے بھارت کو 1-2 سے شکست دی تھی جب کہ یہ سیریز بھی دونوں ممالک کے درمیان 5 سال کے تعطل کے بعد ہوئی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں