وادیٔ سوات میں بڑی تعداد میں غیر ملکی سیاحوں کی آمد
یورپی ممالک سے آنے والے سیاحوں نے کالام اور پہاڑی علاقوں کا رُخ کرلیا، عوام اور فوج کے رویے کی تعریف
پاکستان کے سوئٹزرلینڈ کہلانے والی وادیٔ سوات میں بڑی تعداد میں غیر ملکی سیاحوں کی آمد جاری ہے۔
سوات کے علاقے کالام میں صرف ستمبر ہی کے مہینے میں بڑی تعداد میں یورپی ممالک کے سیاحوں کی آمد ہوئی ہے، جنہوں نے منکیال اور مہوڈنڈ کی پہاڑیوں پر ٹریکنگ کے لیے رخ کیا ہے۔
غیر ملکی سیاحوں نے گروپس کی شکل میں کالام کے مختلف علاقوں اور پہاڑوں کا رخ کرلیا۔ اس حوالے سے غیر ملکی سیاحوں کا کہنا ہے کہ پاکستان ایک خوبصورت ملک ہے اور یہاں کے عوام بھی اچھے ہیں۔ ہمارا یہاں بہت اچھا تجربہ رہا ہے اور ہمارے لیے اب یہ ضروری ہے کہ ہم دوبارہ یہاں آئیں۔ سیاحوں کا کہنا ہے کہ سوات کے لوگ بہت دوست مزاج ہیں۔ عوام اور فوج نے ہمارا بہت خیال رکھا اور مدد کی۔ پاکستان آرمی بہت پروفیشنل فوج ہے۔