کراچی میں بنگلے کے اندر مہنگی منشیات کاشت کرنے کی انوکھی واردات

کینیڈین نژاد تعلیم یافتہ نوجوان جدید طرز پر ’’میرجوانہ‘‘ کی پیداوار کررہا تھا، ایکسائز حکام


Ehtisham Mufti September 25, 2023
فوٹو: انٹرنیٹ

ڈیفنس کے بنگلے میں مہنگی منشیات کاشت کرنے کی انوکھی واردات سامنے آگئی۔

ایکسائز حکام کے مطابق ڈیفنس میں کینیڈین نژاد تعلیم یافتہ پاکستانی نوجوان کرائے کے بنگلے میں مہنگی غیرملکی منشیات ''میرجوانہ'' کی پیداوار اور فروخت کررہا تھا۔ میرجوانہ کی کاشت گھر کے کمروں میں سیاہ رنگ کے متعدد کنٹرولڈ شیڈز یا کیبنز میں مٹی کے گملوں میں کی جارہی تھی اور ان کنٹرولڈ شیڈز میں میرجوانہ کے پودوں کی مناسبت سے موسم کو ٹھنڈا گرم رکھا جاتا تھا۔

mirjuana 1

حکام کے مطابق ایل ای ڈی لائٹس کے ذریعے روشنی کے انتظام کے ساتھ مطلوبہ آکسیجن کی فراہمی کے لیے آکسیجن سلینڈرز کے علاوہ کنسنٹریٹر کو بھی استعمال کیا جاتا تھا جبکہ میرجوانہ کی کاشت کو کامیاب بنانے کے لیے پائپ اور ٹیمپریچر کنٹرول یونٹ درآمدی بیج، مخصوص قسم کی درآمدی کھاد کے علاوہ درآمدہ شدہ مٹی کا بھی استعمال ہوتا تھا۔

mirjuana 2

سیکریٹری ایکسائز سندھ عاطف الرحمان نے پیر کو پریس کانفرنس میں مزید بتایا کہ ایکسائز ڈپارٹمنٹ نے بنگلے پر چھاپہ مار کر 1 کروڑ 30لاکھ روپے کی میرجوانہ منشیات برآمد کرلی ہے اور چھاپے میں ڈیڑھ کروڑ مالیت کے ایکیوپمنٹس بھی قبضے میں لیے ہیں، انہوں نے بتایا کہ میرجوانہ منشیات کا پودا بنانے کے لیے بیچ، کھاد اور مٹی بھی بیرون ملک سے ہی آتی ہے، بنگلے میں اسکی جدید سائنٹیفک طریقے سے کورڈ شیڈ میں کاشت کی جارہی تھی۔

mirjuana 3

انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ شہر میں اس طرح کے دیگر مقامات پر بھی میرجوانہ کاشت ہورہی ہوگی، انہوں نے بتایا کہ 24 ستمبر کو سرفراز احمد خان نامی ایک شخص کی گاڑی سے غیر ملکی شراب کی بوتلیں اور میرجوانہ برآمد ہوئی تھی اور بعدازاں اسی کی نشاندہی پر بنگلے پر چھاپہ مارا گیا اور گھر میں قائم یہ فیکٹری پکڑی گئی۔

mirjuana 4

ایکسائز حکام کا کہنا ہے کہ فیکٹری کے مالک پاکستانی نژاد کینڈین شخص کو گرفتار کرکے عدالت سے اسکا 7 روزہ ریمانڈ لے لیا گیا ہے، چھاپے میں 35 عدد پلانٹ، کیبن نما کورز، 2غیرملکی کھاد کے بیگز، 1غیرملکی مٹی کا بورا، 7درآمدی بیجوں کے ڈبے، 3 ٹیمپریچر چیک ڈیوائسز، ایک اسپرے مشین، ایک عدد چھوٹا ڈیجیٹل کانٹا برآمد کیا گیا۔

mirjuana 5

سیکریٹری نے بتایا کہ محکمہ ایکسائز نے یکم ستمبر سے اب تک منشیات کے 14 مقدمات درج کرکے 15 افراد کو گرفتار کیا گیا، 25 دنوں میں محکمہ نے 1050 کلو ہیروئن، 800 کلو بھنگ، 25 کلو حشیش سمیت 400 لیٹر غیرملکی شراب بھی ضبط کی۔ انہوں نے کہا کہ درسگاہوں میں نت نئی منشیات فروخت کرنے کی اطلاعات ہیں۔ والدین اپنے بچوں کی مشکوک سرگرمیوں پر نظر رکھیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں