گھگر پھاٹک کے قریب2ٹرینیں ٹکراگئیں2 افراد ہلاک9زخمی

نائٹ کوچ اور ملت ایکسپریس کو ایک ہی انجن کے ذریعے روہڑی سے کراچی لایا جارہا تھا

کراچی: گھگھر پھاٹک کے قریب حادثے کا شکار ہونیوالی ٹرین کا انجن بوگی میں دھنسا ہوا ہے ، چھوٹی تصویر ہلاک ہونیوالے انچارج گارڈ کی ہے فوٹو : ایکسپریس

KHYBER:
بن قاسم ریلوے اسٹیشن کے قریب اندرون ملک سے آنے والی دوٹرینیں خوفناک دھماکے سے ٹکراگئیں۔

جس کے نتیجے میں نائٹ کوچ کے انچارج گارڈ سمیت2 افراد جاں بحق جبکہ ریلوے ملازمین اور خاتون سمیت9افراد زخمی ہوگئے ، نائٹ کوچ اور ملت ایکسپریس کوروہڑی سے ایک ہی انجن کے ذریعے کراچی کیلیے روانہ کیاگیا تھا جبکہ اس کے عقب میں شالیمار ایکسپریس کو بھی روانہ کر دیاگیا ۔

تفصیلات کے مطابق بن قاسم ریلوے اسٹیشن کے قریب اتوار اور پیر کی درمیانی شب 3 بجکر35 منٹ پر اندرون ملک سے آنے والی 2 ٹرینیں خوفناک دھماکے سے ٹکراگئیں جس کے نتیجے میں آگے والی ٹرین کراچی ایکسپریس ( نائٹ کوچ ) کا انچارج گارڈ45 سالہ اصغر علی ولد عبدل علی ہلاک۔


جبکہ29 سالہ مجاہد اقبال ولد امیر خان ،28 سالہ خرم جان ولد غفار جان45سالہ رضیہ زوجہ روشن علی ،25 سالہ وقار احمد ولد محمد صدیق ،65 سالہ عاشق علی ولد نواب علی ،35سالہ محمد پرویز ولد محمد رفیق ،40سالہ محمد وسیم ولد محمد یاسین،28سالہ شوکت علی ولد لیاقت علی ،88 سالہ اجمل سلطان ولد افضل سلطان اور ایک35سالہ نامعلوم شخص زخمی ہوگئے ۔

زخمیوں کو طبی امداد کیلیے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں35 سالہ نامعلوم شخص دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا ، حادثے کا شکار جڑواں ٹریننں گدر اسٹیشن کے آؤٹر سگنل ( گھگھر پھاٹک ) پر کھڑی تھیں کہ عقب سے آنے والی شالیمار ایکسپریس زوردار دھماکے سے ٹکراگئی ۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر ملیرٹاؤن کی پولیس ، چھیپا ، ایدھی ، خدمت خلق فاؤنڈیشن ، امن فاؤنڈیشن سمیت دیگر فلاحی اداروں کی درجنوں ایمبولینسیں اور فائر ٹینڈر موقع پر پہنچ گئے ، حادثے میں متاثرہ ٹرین کی ایک بوگی الٹ گئی جبکہ دیگر دو بوگیاں پٹڑی سے اترگئیں جبکہ زخمیوں کی چیخ و پکار سے پورا علاقے گونج اٹھا جبکہ تاریکی کے باعث امدادی جماعتوں کے رضا کاروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

تاہم موقع پر موجود افراد نے اپنے موبائل فون کی ٹارچ اور دیگر ایمرجنسی لائٹوں کی مدد سے بوگیوں میں پھنسے ہوئے زخمیوں کو نکال کر ایمبولینسوں کے ذریعے طبی امداد کیلیے اسٹیل ٹاؤن میں قائم اسپتال لے گئے جہاں انھیں ابتدائی طبی امداد کے بعد جناح اسپتال لیجایا گیا ، حادثے کی اطلاع کے بعد جناح اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی تھی ، حادثے میں شالیمار ایکسپریس کا انجن مکمل طور پر تباہ ہوکر پٹڑی سے اتر گیا ۔
Load Next Story