کراچی میں تیزاب گردی کا واقعہ ’ذاتی دشمنی‘ پر ملزم نے خاتون کو نشانہ بنایا پولیس

تیزاب گردی کا نشانہ بننے والی خاتون کی نشاندہی پر ملزم ارسلان کو گرفتار کرلیا، پولیس

فوٹو اسکرین گریپ

پاک کالونی پولیس نے حسرت موہانی کالونی میں تیزاب گردی کے واقعہ میں خاتون پر تیزاب پھینکنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق ملزم نے گھر کی دہلیز پر کھڑی خاتون پر تیزاب پھینکا جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوگئی۔ ایس ایس پی کیماڑی عارف اسلم راؤ کے مطابق پیر کی صبح ساڑھے نو بجے کے قریب پاک کالونی کے علاقے حسرت موہانی کالونی میں تیزاب گردی کا واقعہ پیش آیا جس میں ملزم ارسلان نے گھر کی دہلیز پر 35 سالہ یاسمین پر تیزاب پھینکا جس کے باعث خاتون جھلس کر زخمی ہوگئی۔


پولیس نے ابتدائی تحقیقات میں واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ قرار دیا۔ پولیس کے مطابق 3 سال قبل ارسلان کے بڑے بھائی اور مضروبہ خاتون کی بہن کے درمیان رشتہ کے تنازع کی وجہ سے تلخیاں پیدا ہوئیں جس کی وجہ سے دونوں خاندانوں کے مابین آئے روز جھگڑا ہوتا رہتا تھا۔

ایس ایچ او پاک کالونی آغا اسد اللہ نے تیزاب گردی کا نشانہ بننے والی خاتون کی نشاندہی پر ملزم ارسلان کو گرفتار کیا جبکہ خاتون کو طبی امداد کے لیے سول اسپتال منتقل کر دیا۔
Load Next Story