ایف بی آر نے بجٹ تقریر سمیت دیگر انتظامات کو حتمی شکل دیدی

13نکاتی بجٹ ایڈمنسٹریٹوپلان منظور،ایف بی آر ہاؤس میں ملاقاتیوں کے داخلے پر پابندی


Irshad Ansari May 15, 2014
13نکاتی بجٹ ایڈمنسٹریٹوپلان منظور،ایف بی آر ہاؤس میں ملاقاتیوں کے داخلے پر پابندی۔ فوٹو: فائل

فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ اور بجٹ تقریر سمیت دیگر انتظامات کو حتمی شکل دے کر 2 صفحات پر مشتمل 13 نکاتی بجٹ ایڈمنسٹریٹو پلان کی منظوری دیدی ہے جبکہ بجٹ کی تیاری کو خفیہ رکھنے کیلیے ایف بی آر ہائوس میں عام افراد اور ملاقاتیوں کے داخلے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

''ایکسپریس'' کو دستیاب دستاویز کے مطابق صرف چیئرمین ایف بی آر اور ممبران کے ملاقاتیوں کو داخلے کی اجازت ہوگی لیکن اس کیلیے پیشگی اجازت لینا ہوگی۔ ایف بی آر کی طرف سے جاری کردہ سرکلر میں تمام ملازمین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ڈیوٹی کے دوران سروس کارڈ آویزاں کریں۔ ذرائع کے مطابق بجٹ کی تیاری کے لیے ممبر ایڈمن کو چیف کوآرڈینیٹر، چیف مینجمنٹ کوآرڈینیٹر بجٹ، چیف ایڈمن کو چیف سیکیورٹی آفیسر بجٹ مقرر کیا گیا ہے، تمام ٹیکنیکل ونگز میں کوآرڈینیٹرز اور ڈپٹی کوآرڈینیٹر بجٹ تعینات کردیے گئے ہیں جو اپنے متعلقہ ٹیکنیکل ونگ میں بجٹ کیلیے مقررہ چیف کوآرڈینیٹر کے ساتھ تعاون و رابطے کو یقینی بنائیں گے۔

سیکنڈ سیکریٹری کونسل کی تمام بجٹ اجلاسوں میں شرکت لازمی ہوگی جبکہ بجٹ تقریر کی تیاری کے لیے انگریزی اور اردو کی ڈکشنریاں بھی طلب کرلی ہیں، لوڈ شیڈنگ کے باعث جنریٹر کا انتظام کیا گیا ہے، ایف بی آر نے بجٹ کی تیاری، پرنٹنگ اور بجٹ دستاویز کی اسٹوریج کے لیے کمرے بھی خالی کرا لیے ہیں اور پرنٹرز کی بھی چیکنگ شروع کردی گئی ہے تاکہ بجٹ کے موقع پر ہر چیز مکمل طور پر فٹ اور تیار ہو،بجٹ پارلیمنٹ میں پیش کرنے کے وقت ایف بی آر سے باہر اسائنمنٹس کے لیے افسران کی تعیناتی اور ریکارڈ تیار کرنے کے لیے چیف کوآرڈینیٹر بجٹ کی تحریری اجازت لینا ہوگی۔

حکام کا کہنا ہے کہ کوآرڈینیٹرز اور ڈپٹی کوآرڈینیٹرز بجٹ کے دفاتر قریب قریب رکھے جائیں گے تاکہ مشاورت میں آسانی ہو اور وقت کی بچت ہوسکے۔ دستاویز کے مطابق پرال کا کمپوزنگ سیکشن کمپوزنگ کے لیے مختلف سیکشن کی طرف سے بھجوائے جانے والی صرف وہ دستاویزات وصول کرے گا جو متعلقہ سیکشن کے بجٹ کوآرڈینیٹرز کی دستخط شدہ ہونگی، بجٹ دستاویز کی فائنل پرنٹنگ کوآرڈینیٹر کے دستخط کے بعد کی جائے گی، بجٹ سازی کے دوران افسران و عملے کو ادارے کی طرف سے کھانا فراہم کیاجائے گا جس کے لیے مینیو متعلقہ حکام کی مشاورت کے ساتھ جلد فائنل کیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں