فیکٹری مالکان کے 18صفحات پر مشتمل قلمبند بیان میں تضاد

باپ اور بیٹوں کے جوابات میں اختلاف،منیجرکے گھر سے اہم ریکارڈ قبضے میں لے لیا گیا


Staff Reporter September 18, 2012
باپ اور بیٹوں کے جوابات میں اختلاف،منیجرکے گھر سے اہم ریکارڈ قبضے میں لے لیا گیا فوٹو: پی پی آئی فائل

سانحہ بلدیہ ٹاؤن کے تفتیشی افسران نے فیکٹری مالکان کے 18 صفحات پر مشتمل بیان قلمبند کرلیا۔

جس میں تضاد پایا جاتا ہے ، پولیس نے فیکٹری کے جنرل مینجر کے گھر سے اہم ریکارڈ اپنے قبضے میں لے لیا،سانحہ بلدیہ ٹاؤن کے متاثرین ساتویں روز بھی متاثرہ فیکٹری اور ایدھی سرد خانے کے باہر اپنے پیاروں کی یاد میں آنسو بہاتے رہے جبکہ موقع پر موجود افراد غم سے نڈھال لواحقین کو تسلیاں دیتے رہے ۔

سانحہ بلدیہ ٹاؤن کی تحقیقات کے لیے بنائی جانے والی تحقیقاتی ٹیم کے ایک تفتیشی افسر نے بتایا کہ فیکٹری مالکان سے پولیس نے علیحدہ علیحدہ بیانات قلمبند کیے ہیں جو 18 صفحات پر مشتمل ہے ۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ فیکٹری کے مالکان باپ اور بیٹوں سے پولیس کی جانب سے پوچھے گئے سوالوں کے جواب میں تضاد پایا گیا ہے جس کی روشنی میں پولیس نئی حکمت عملی ترتیب دے رہی ہے تاکہ آگ کے اصل حقائق معلوم کیے جا سکیں ۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے فیکٹری کے جنرل منیجر منصور کے گھر سے فیکٹری سے متعلق اہم ریکارڈ پولیس نے قبضے میں لے لیا ہے، فیکٹری سے مبینہ طور پر کچھ سامان غائب ہوا ہے جس میں مشینیں بھی شامل ہیں اور پولیس اس بارے میں بھی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔

دریں اثنا سانحہ بلدیہ ٹاؤن کے متاثرین اپنے پیاروں کی تلاش میں ساتویں روز فیکٹری اور ایدھی سرد خانے کے باہر ان کی یاد میں آنسو بہاتے رہے اور ان کے ہاتھوں میں موجود تصاویر کو دیوانہ وار نہ صرف چومتے رہے بلکہ ہر آنے جانے والے سے اس کے بارے میں معلومات بھی حاصل کرتے رہے۔

ایدھی سرد خانے کے باہرموجود افراد نے غمزدہ لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے انھیں بتایا کہ ڈی این اے ٹیسٹ کی رپورٹ آنے پر ہی شناخت ممکن ہوسکے گی کیونکہ لاشیں سوختہ ہونے کی وجہ سے ناقابل شناخت ہوگئی ہیں اور انھیں رپورٹ آنے تک یہ کربناک عذاب برداشت کرنا پڑے گا۔۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں