آئی سی سی کرکٹ کمیٹی کی میٹنگ رواں ماہ بھارت میں ہوگی

ون ڈے میں 4 فیلڈرز اور دونوں اینڈز سے الگ گیندوں کے قوانین پر غور کیا جائے گا


Sports Desk May 15, 2014
ون ڈے میں 4 فیلڈرز اور دونوں اینڈز سے الگ گیندوں کے قوانین پر غور کیا جائے گا۔ فوٹو: فائل

آئی سی سی کرکٹ کمیٹی کی 2روزہ میٹنگ رواں ماہ کے آخر میں بھارت میں ہوگی، ون ڈے میں 4 فیلڈرز اور دونوں اینڈز سے الگ الگ گیندوں کے قوانین پر غور کیا جائے گا، کمیٹی کے ممبران کی جانب سے آئی پی ایل فائنل بھی دیکھنے کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق سابق بھارتی کپتان انیل کمبلے کی زیر قیادت آئی سی سی کرکٹ کمیٹی کی 2روزہ میٹنگ میں ون ڈے قوانین پر خاص طور پر بحث متوقع ہے، کچھ عرصہ قبل کونسل کی جانب سے نان پاور پلے اوورز میں بھی اندرونی سرکل کے باہر صرف چار فیلڈرز تعینات اور دونوں اینڈز سے الگ الگ گیند استعمال کرنے کا قانون بنایا گیا تھا، جس پر سب سے زیادہ اعتراض بھارت کو ہے، کپتان مہندرا سنگھ دھونی کئی مرتبہ ان تبدیلیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بناچکے ہیں۔

حال ہی میں بنگلہ دیش میں منعقدہ ورلڈ ٹوئنٹی 20 کے موقع پر آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹیو ڈیو رچرڈسن نے واضح کیا تھا کہ موجودہ ون ڈے قوانین میں آئندہ برس شیڈول ورلڈ کپ تک کوئی بھی تبدیلی نہیں ہوگی، میگا ایونٹ کے بعد ہی کرکٹ کمیٹی اس حوالے سے جائزہ لے سکتی ہے، تاہم اس وقت بھارت کی عالمی کرکٹ میں حیثیت اور بگ تھری کی صورت میں عالمی کرکٹ پر اس کے قبضے کے بعد اس بات کا امکان رد نہیں کیا جاسکتا کہ اس معاملے میں بھی اس کی خوشنودی کو مقدم رکھا جائے۔ یاد رہے کہ کرکٹ کمیٹی صرف سفارش کرسکتی ہے جس کی چیف ایگزیکٹیوز کمیٹی میں تائید ملنے کے بعد ایگزیکٹیو بورڈ کی منظوری درکار ہوتی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں