سعودی عرب میں پہلی بار کسی اسرائیلی وزیر کی اعلانیہ آمد

اسرائیل کے وزیر سیاحت ہایم کانٹز اقوام متحدہ کی سیاحتی تنظیم کی کانفرنس میں شرکت کریں گے


ویب ڈیسک September 26, 2023
اسرائیل کے وزیر سیاحت سعودیہ میں اقوام متحدہ کی سیاحتی تنظیم کی کانفرنس میں شرکت کریں گے، فوٹو: فائل

اسرائیل کے وزیر سیاحت ہایم کاٹز اقوام متحدہ کی ایک کانفرنس میں شرکت کے لیے سعودی عرب پہنچ گئے۔ یہ سعودی عرب میں اسرائیل کے کسی وزیر کا پہلا اعلانیہ دورہ ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق اس دورے سے وزیرِ سیاحت ہایم کاٹز سعودی عرب کا دورہ کرنے والے پہلے اسرائیلی وزیر بن گئے۔ اس دورے کی اہمیت یوں بھی بڑھ جاتی ہے کہ اسرائیل اور سعودیہ کے درمیان تعلقات کی بحالی ممکنہ طور پر جلد ہی ہونے والی ہے۔

اقوام متحدہ کی عالمی سیاحتی تنظیم کے پروگرام میں شرکت کے لیے اسرائیلی وزیر سیاحت ہایم کاٹز وفد کے ہمراہ ریاض پہنچے ہیں۔

یہ خبر بھی پڑھیں : سعودی عرب نے پہلی بار فلسطین میں اپنا سفیرمقرر کردیا

اسرائیل کی جانب سے اس دورے کو سراہا جا رہا ہے اور اسرائیلی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ کسی اسرائیلی وزیر کا سعودی عرب کا پہلا دورہ ہے۔

اس موقع پر اسرائیلی وزیر سیاحت ہایم کاٹز نے کہا کہ سیاحت قوموں کے درمیان ایک پل ہے جو دِلوں کو جوڑنے اور اقتصادی ترقی کی صلاحیت رکھتا ہے۔ میں سعودیہ کے ساتھ تعاون، سیاحت اور اسرائیل کے خارجہ تعلقات کو آگے بڑھانے کے لیے کام کروں گا۔

تاہم سعودی حکومت کی جانب سے فوری طور پر اسرائیلی وزیر کے اس دورے کی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی۔

دوسری جانب سعودی عرب کے فلسطین اتھارٹی کے لیے گزشتہ برس مقرر کیے گئے پہلے سفیر نے آج اپنی سفارتی اسناد صدر محمود عباس کو پیش کردیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں