احتساب عدالت نے 17 ارب کے کرپشن ریفرنس میں ڈاکٹرعاصم کو طلب کرلیا

سپریم کورٹ کی جانب سے نیب ترامیم کالعدم قرار دینے کے بعد ملزمان کے خلاف دائر ریفرنس بحال ہوچکا، عدالت

فوٹو: فائل

سپریم کورٹ کی جانب سے نیب آرڈیننس ترامیم کالعدم قرار دینے کے فیصلے کے بعد احتساب عدالت نے 17 ارب روپے کے کرپشن ریفرنس میں ڈاکٹر عاصم و دیگر کو طلب کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کی احتساب عدالت نے سپریم کورٹ کی جانب سے نیب آرڈیننس ترامیم کالعدم قرار دینے کے فیصلے پر عمل درآمد شروع کردیا۔ عدالت نے ڈاکٹر عاصم و دیگر کیخلاف 17 ارب روپے کی کرپشن کا ریفرنس سماعت کے لیے مقرر کردیا۔

عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ سپریم کورٹ نے 15 ستمبر کو نیب ترامیم کالعدم قرار دے دی ہیں۔ ملزمان کے خلاف دائر ریفرنس اب بحال ہوچکا ہے۔


عدالت نے ڈاکٹر عاصم حسین، بشارت مرزا، زہیر صدیقی، شعیب وارثی، خالد رحمان، ملک عثمان، یوسف جمیل اور اقبال زیڈ احمد کو 7 اکتوبر کو پیش ہونے کا حکم دے دیا۔

نیب کے مطابق ملزمان نے نیب ترمیم کے بعد عدالت کے دائرہ اختیار کو چیلنج کیا تھا۔ سندھ ہائیکورٹ نے ملزمان کے خلاف ریفرنس واپس چیئرمین نیب کو ارسال کرنے کا حکم دیا تھا۔

واضح رہے کہ ملزمان پر گیس کے ٹھیکوں کی مد میں 17 ارب روپے کی کرپشن کا الزام ہے۔
Load Next Story